مڈل سکول بفلیاز کے طلاب کی جان کو خطرہ | دیوار گرنے کا احتمال،متبادل انتظام کرنے کی مانگ

حسین محتشم

پونچھ//جموں کشمیر کے سرحدی ضلع پونچھ کی تحصیل سرنکوٹ کے گورنمنٹ مڈل سکول بفلیاز بی کے طلبہ کی جان کو خطرہ ہے۔ گورنمنٹ مڈل سکول بفلیاز میں بچوں کی کافی تعداد زیر تعلیم ہے۔ اس سکول کی عمارت کے پیچھے سے ڈھلوان سے چٹان کھسکنے کا خطرہ ہےجبکہ سکول کے برانڈا پہلے ہی بارشوں کی نذر ہو چکا ہے۔ اس تعلق سے سکول میں زیر تعلیم طلبہ و طالبات نے کہا کہ اس مڈل سکول کے ساتھ کی دیوار گرنے کی وجہ سے سکول کی عمارت کو بہت زیادہ خطرہ بنا ہوا ہے۔ جہاں بارش کے دوران پسی کھسکنے کا خطرہ ہے وہیںسکول کے سامنے والی زمین کھسکتے ہوئے بالکل سکول کی عمارت کے ساتھ پہنچ چکی ہے۔بچوں کے مطابق سکول کے سامنے والی زمین پہلے ہی کھسک گئی ہے جس کی وجہ سے ان کے سکول کے برانڈا بھی چلا گیا ہے جہاں کچھ طلبہ بال بال بچ گئے تھے۔انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کو قبل از وقت اس طرف توجہ دلائی گئی تھی۔سکول میں زیر تعلیم طلبہ و طالبات کے مطابق زونل ایجوکیشن افیسر نے وہاں کا خود جائزہ لیا ہے لیکن اس کے باوجود ابھی تک کوئی اقدام نہیں اٹھایا گیا۔اس حوالے سے ایک طالبہ نے بات کرتے ہوئے کہا کہ سکول کے آگے کا ڈنگا کھسک رہا‌ ہے جس سے انھیں بہت زیادہ ڈر محسوس ہوتا ہے کہ کہیں اچانک بارش اور برف باری کے دوران عمارت ہمارے اوپر نہ گر جائے۔انہوں نے کہا کہ سکول کے سامنے کا ڈنگا نکلنے کی وجہ سے ہر وقت خطرہ لاحق رہتا ہے اس لیے انتظامیہ اس معاملے میں فوری طور پر کارروائی کرے۔انہوں نے کہا کہ اسکول میں بیت الخلاء بھی نہیں ہے جس کی وجہ سے بچوں کو رفع حاجت کےلئے بھی کئی طرح کی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے چیف ایجوکیشن افیسر پونچھ سے اپیل کی ہے کہ سکول کی عمارت کہیں محفوظ مقام پر بنائی جائے تاکہ وہ محفوظ رہ سکیں۔