راجوری//تعلیمی زون تھنہ منڈی کے مڈل اسکول لاہ کی عمارت کی تعمیر عرصہ دوبرس گزرنے کے باوجود بھی نامکمل ہے اورشبہ ظاہرکیاجارہاہے کہ فنڈزکوخردبردکردیاگیاہے جس کی وجہ سے سکول کاتعمیراتی کام ٹھپ ہوکررہ گیاہے۔اس سلسلے میںپنچایت لاہ کے سرپنچ عبدالرشید ٹھکر نے مڈل اسکول لاہ کا دورہ کیااور اسکول کے طلبہ و طالبات اور اسکول عملہ کے مسائل کاجائزہ لیا۔ مڈل اسکول لاہ جس میں تقریبا ڈیڑھ سو سے زائد طلبہ و طالبات زیر تعلیم ہیں جوکہ دور دراز علاقہ جات سے تعلق رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دو سال قبل محکمہ تعلیم نے ایک عمارت شروع کرائی ہے جو اس وقت تک نا مکمل ہے اور دیگر کمرہ جات جن کی چھت بغیر سیلینگ کی ہے۔ اسکول کی عمارت میں شدت کی سردی ہے جہاں طلبہ و طالبات کا بیٹھنا کافی مشکل ہے۔ انہوں نے بتا یا کہ اسکول کے گردونواح میں پانی کاکوئی نکاسی نظام نہیں ہے اور اسکول کی چار دیواری نہ ہونے سے مال مویشی دن بھر آتے رہتے ہیں۔اسکول کے احاطہ میں مویشیوں کے گوبرکی وجہ سے طلبہ اور اساتزہ کا بیٹھنا مشکل ہوجاتاہے ۔سرپنچ نے شبہ ظاہرکیاکہ رقومات کاخردبرد کیاہے جس کی وجہ سے سکول کی تعمیرمکمل نہیں کی جارہی ہے۔اس ضمن میں زونل ایجوکیشن آفیسر تھنہ منڈی عبدالقیوم ندوی سے بات کی گئی تو انہوں نے کہا کہ مڈل اسکول لاہ اور مڈل اسکول کھبلان میں ایڈیشنل کلاس روم تعمیر کئے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا عوام کی طرف سے ادھورے کاموں کی شکایات موصول ہوئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ اسکے بارے میں چیف ایجوکیشن آفیسر راجوری کو بھی آگاہ کیاگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ زون تھنہ منڈی میں ایسے بہت سارے مسائل ہیں۔ زونل ایجوکیشن آفیسر تھنہ منڈی نے کہا کہ یہ کلاس روم محکمہ دیہی ترقی و پنچائتی راج کی زیر نگرانی میں تعمیر کئے جارہے ہیں۔ جبکہ بلاک ڈویلپمنٹ آفیسر پلانگڑھ حکیم محمد انور نے انکار کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایڈیشنل کلاس روم RMSA اسکیم کے تحت تعمیر کئے جارہے ہیں۔انہوں نے بتا یا مڈل اسکول لاہ کی نا مکمل عمارت کی مفصل رپورٹ ایس ڈی ایم تھنہ منڈی کو بھیج دی ہے۔
مڈل اسکول لاہ کی تعمیرتعطل کاشکار
