مٹی کی ساخت کا عالمی دِن

 
 مہور//محکمہ زراعت نے ورلڈ سائیل ہیلتھ ڈے آج مہور میں منایا جس میں وزیر زراعت غلام نبی لون ہانجورہ ، محکمہ کے کئی افسران اور بھاری تعداد میں کسان موجود تھے۔اس موقعہ پر وزیر موصوف نے کسانوں میں سوئیل ہیلتھ کارڈ تقسیم کئے ۔واضح رہے کہ ورلڈ سوئیل ہیلتھ ڈے ہر سال 5؍دسمبر منایا جاتا ہے اور اس کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ مٹی کی اہمیت کو اجاگر کیا جاسکے ۔ناظم زراعت جموں ایچ کے راز دان ، ڈائریکٹر سی اے ڈی ایس نریندر سنگھ ،ڈائریکٹر سریکلچر میر طارق علی کے علاوہ متعلقہ محکموںکے کئی دیگر اعلیٰ افسران بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔ہانجورہ نے اس موقعہ پر کہا کہ مٹی کو قدرتی نظام میں ایک کلیدی حیثیت ہے اور ان کارڈوں کی بدولت کسانوں کو مٹی میں موجود اجزا ٔ اور بروئے کار لائی جانی والی کھادوں کی مقدار کے بارے میں جانکاری حاصل ہوگی ۔ انہوں نے متعلقہ افسروں اور عملے سے کہا کہ وہ دور دراز علاقوں کا دورہ کر کے وہاں عام لوگوں میں مختلف فلاحی سکیموں کے بارے میں جانکاری پیدا کریں۔وزیر نے محکمہ زراعت سے کہا کہ وہ علاقہ میں مگس بانی اور مشروم کی کاشت کو بڑھاوا دیں تاکہ کسانوں کی اقتصادی حالت میں بہتری آسکے ۔اس موقعہ پر وزیر کو جانکاری دی گئی کہ محکمہ نے پہلے مرحلے میں ضلع کے کسانوں میں 34ہزار سے زائد سوئیل ہیلتھ کارڈ تقسیم کئے ہیں۔