مُکل روہتگی اور سُبر منیم سوامی کے بیانات شر انگیز

 کپوارہ//بھارت کے اٹارنی جنرل مکل روہتگی کی جانب سے بیروہ کشمیر کے فاروق احمد ڈار کو فوجی گاڑی سے باندھ کر انسانی ڈھال کے بطور استعمال کئے جانے پر مزاحمتی و مین سٹریم جماعتوں کے علاوہ دینی تنظیموں نے سخت رد عمل کااظہار کیا ہے ساتھ ہی بی جے پی لیڈرسبرا منیم سوامی کے بیان پر بھی مختلف تنظیموں نے مذمتی بیان جاری کیا ہے ۔جماعت اسلامی نے بھارتیہ جنتا پارٹی کے ایک ممبر پارلیمنٹ سبھرامنیم سوامی کے اُس بیان جس میں اُنہوں نے کشمیر میں جاری احتجاج کو رُکوانے کی خاطر یہاں کے لوگوں کو جلائے وطن کرکے تامل ناڈو میں پناہ گزینوں کی حیثیت سے رکھنے کی تجویز دی ہے‘ پر رد عمل کااظہار کرتے ہوئے کہا واضح ہوتا ہے کہ وہ اپنا دماغی توازن کھو چکا ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ اس جیسے شخص کے بھارتی پارلیمنٹ میں ہونے پر زبردست ر تاسف ہی کیا جاسکتا ہے۔جماعت اسلامی نے کہاکہ سبھرامنیم سوامی جیسے سیاست دان ہی انتشاری اور فرقہ پرستانہ سیاست چلاکر بدامنی اور فسادات پیدا کرنے کے باعث ہیں اور حقیقت شناسی نام کی کوئی شئے بھی اُن کے اندر موجود نہیں ہوتی ہے جس کی وجہ سے وہ اظہر من الشمس حقائق کو بھی جھٹلانے کے عادی ہوتے ہیں۔ مسئلہ کشمیر ایک ایسی حقیقت ہے جس کا انکار ہوش و گوش رکھنے والا کوئی ذی علم شخص نہیں کرسکتا ہے لیکن بدقسمتی سے بھارت کی سیاست پر ایسے اشخاص چھاگئے ہیں جو جان بوجھ کر بڑی ڈھٹائی کے ساتھ دن کو بھی رات کہتے ہیں اور انہیں کوئی شرم محسوس نہیں ہوتی ہے۔اس دوران اے آئی پی لیڈر اور ممبر اسمبلی لنگیٹ انجینئر عبدالرشید نے اٹارنی جنرل اور سبرا منیم سوامی کے بیانات کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔دریں اثناءدیگر کئی تنظیموں نے بھی اٹارنی جنرل مکل روہتگی اور سبرا منیم سوامی کے بیانات کی مذمت کی ہے۔