سرینگر// انجمن حمایت الاسلام کے صدر مولانا خورشید احمد قانونگو نے مولانا رومؒکے یوم وصال اور عرس ختلان کے موقع پر اپنے تہنیتی پیغام میںکہاکہ ان دونوں مفکرین اسلام نے اپنے زمانے میں تجدید دین اور ترویج اسلام کے ایسے نقوش ثبت کردیئے جو ناقابل فراموش ہیں۔ مولانا قانونگو نے کہاکہ قرآن و حدیث اور احوال پیغمبر اسلامؐکی باریک بینی اور باطنی زندگی کے رموز سے اہل اسلام کو یہ روشناس کیا کہ اس دنیا سے بے شمار انبیاء کرام، اولیاء عظام ، دانشوروں نے منصہ شہود پر آکر بنی نوع انسان کو اپنی ذمہ داریوں سے روشنا س کرایا جس میںعروج آدم خاکی کا راز مضمر ہے۔ سلسلہ کبرویہ کے داعیان مولانارومؒ اور شاہ ہمدانؒ نے تعلیمات روحانیہ میں ہمیں یہی سب دیا کہ اللہ تعالیٰ نے فطرتاً ااس وجود کے خاک میں ازل میں ہی ایسے پھولوں کے بیج بوئے ہیںجس میں انسان کے اشرف المخلوقات کے منصب پر فائز ہونے کا راز مضمرہے۔ اولیائے عظام نے حضور اقدسؐ کے مشن کو ان ہی خداداد صلاحیتوں کی نہ صرف آبیاری کی بلکہ قلم، عمل ، اخلاق اور پُراستعداد خلفاء کے ذریعہ اس مشن کو زندہ رکھا ۔
مولانا رومؒ اور حضرت شاہ ہمدانؒکی تعلیمات سے اقوام عالم روشناس :مولانا قانونگو
