عظمیٰ نیوزسروس
ڈوڈہ//جموں وکشمیر کے عوام کو اس وقت جن سخت ترین چیلنجوں کا سامنا ہے اس کیلئے نیشنل کانفرنس کی مضبوطی انتہائی ضروری ہے، جموںوکشمیر میں جاری ظلم و ستم اور ناانصافی کا قلع قمع کرنے کیلئے اتحا د و اتفاق لازمی ہے اور ہمیں آپسی شکوے اور شکایات بھی بالائے طاق رکھتے ہوئے آپسی صفوں کو مضبوط کرنا ہوگا۔ ان باتوں کا اظہار صدرِ نیشنل کانفرنس ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے بھدرواہ اور پٹنی ٹاپ میں مختلف عوامی وفود، پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں کیساتھ ملاقات کے دوران کیا۔ انہوں نے وفود کے مسائل و مشکلات سُنے اور پارٹی پروگراموں اور سرگرمیوں کے بارے میں جانکاری حاصل کی۔انہوں نے پارٹی سے وابستہ افراد پر زور دیا کہ وہ پارٹی کی عوامی رابطہ مہم میں سرعت لائی جائے اور اپنی جماعت کا منشور اور لائحہ عمل گھر گھر پہنچائے جائے اور ساتھ ہی لوگوں کے مسائل و مشکلات کی جانکاری حاصل کرکے ان کا سدباب کرانے کی ہر ممکن کوشش کریں۔ اسمبلی الیکشن قریب ہیں اور پارٹی اُمیدواروں کی کامیابی کیلئے ابھی سے کام شروع کرنا ہے۔ انہوں نے پارٹی سے وابستہ افراد پر زور دیا ہے کہ وہ موقعہ پرست اور ضمیر فروش سیاستدانوں کی چالوں سے ہوشیار رہیں اور ساتھ ہی اپنی صفوں میں موجودہ کالے بھیڑیوں پر بھی کڑی نظر رکھیں۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ موجودہ حکمران ہر روز جموںوکشمیر دشمن اور عوام کُش فیصلوں میں لگی ہوئی ہے۔ حکومتی سطح پر ریکارڈ توڑ بے روزگاری، آسمان چھوتی مہنگائی ، اقتصادی بدحالی اور لوگوں میں پائی جارہی مایوسی اور نااُمیدی کی طرف کوئی بھی توجہ مرکوز نہیں کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ حکمرانوں کی سخت گیر پالیسی سے آج جموں کے عوام بھی اُکتا گئے ہیں اور لوگوں کو پوری طرح احساس ہوگیا ہے ۔جموں کے لوگوں کا کاروبار ٹھپ ہے، اُن کا روزگار اور زمینیں چھینی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے ساتھ ساتھ ریاست جموں و کشمیر کے عوام کو بھی آسمان چھوتی مہنگائی نے بری طرح اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے اور ایک عام آدمی کیلئے دو وقت کی روٹی کا بندوبست بھی کرناپانا مشکل ہے۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ اتحاد و اتفاق قوم کی بڑی فتح و نصرت سے تعبیر کی جاتی ہے جبکہ نااتفاقی ناکامی ، تباہی اور بربادی کی نشاندہی ہوتی ہے۔ پورے عزم ، حوصلے اور صبر و استقلال سے ہی ان چیلنجوں اور آزمائشوں کا مقابلہ کیاجاسکتا ہے۔ اس موقعے پر کئی سیاسی اور سماجی کارکنوں نے پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔