موسم سرما کے دوران امکانی برف باری کا مقابلہ

گاندربل//ضلع ترقیاتی کمشنر گاندربل ڈاکٹر پیوش سنگلا نے حکام کی ایک میٹنگ کی صدارت کے دوران آنے والے موسم سرما کے پیش نظر ایکشن پلان کاجائزہ لیا۔میٹنگ میں ا ے ایس پی گاندربل اورمختلف متعلقہ محکموں کے انجینئروں کے علاوہ دیگر آفیسران بھی موجود تھے۔میٹنگ میں متعلقہ محکموں کے ساتھ برف ہٹانے کی مشینوں کی دستیابی کا جائزہ لیا گیا۔اس موقعہ پر بتایا گیا کہ گاندربل قصبہ میں برف ہٹانے کی 4مشینیں دستیاب ہیں ۔ترقیاتی کمشنر نے جے ای میکنیکل انجینئرینگ کو کنگن میں ایک مشین دستیاب رکھنے کی ہدایت دی۔محکمہ صحت عامہ کو ایسے دشوارگزار علاقوںکی نشاندہی کرنے کے لئے کہا گیا جہاں موسم سرما کے دوران پانی کی پائپیں جم جانے کا اندیشہ رہتا ہے۔انہوںنے ان پائپوں کو موسم سرما کی شروعات سے قبل ہی محفوظ بنانے کی ہدایت دی۔ میٹنگ کے دوران بیکن کے آفیسران نے بتایا کہ ضلع میں کسی برفباری کی امکانی صورتحال سے نمٹنے کے لئے برف ہٹانے کی 10مشینوں کو تیاری کی حالت میں رکھا گیا ہے۔فائر اینڈ ایمرجنسی محکمے کو موسم سرما کے پیش نظر ڈی واٹرنگ پمپس بھی تیاری کی حالت میں رکھنے کی ہدایت دی گئی۔ترقیاتی کمشنر نے متعلقہ آفیسران کو ایک مشترکہ کنٹرول روم قائم کرنے کی ہدایت دی گئی تاکہ موسم سرما میں ناسازگار موسمی حالات سے نمٹنے کے لئے موثر اقدامات کئے جاسکیںاور لوگوں کی راحت رسانی کے لئے موژ اقدامات کئے جاسکیں۔میٹنگ کے دوراں موسم سرما اور امکانی برفباری کے پیش نظر دیگر محکموں کو بھی متحرک رہنے کی ہدایت دی گئی۔