موسم سرما میں عوام کی مشکلات کو کم کرنے کیلئے تحرک کی ضرورت

 اننت ناگ//لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر فاروق خان نے ضلع اننت ناگ میں ترقیاتی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ فاروق خان نے سرما کے دوران سڑک رابطے پر زرو دیا ۔ اُنہوں نے کہا کہ ہسپتالوں کی ضروری سہولیات سے رابطے کو یقینی بنایا جانا چاہیئے۔ اُنہوں نے آر اینڈ بی او رمیکنیکل محکموں کے اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ نہ صرف مرکزی سڑکوں بلکہ اندرونی سڑکوں پر بھی برف صاف کر نے کو یقینی بنائیں تاکہ لوگوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔اُنہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ لیفٹیننٹ گورنر نے سرما ئی مہینوں میں بجلی کی فراہمی میں کم سے کم خلل کو یقینی بنانے کے لئے ہدایات جاری کی ہیں۔محکموں کو اس بات کو یقینی بنانا چاہیئے کہ اس سلسلے میں ضروری بنیادی ڈھانچے کو تیار کیا جائے۔ اُنہوں نے کہا کہ متعلقہ محکموں کو بجلی کی غیر مقررہ کٹوتیوں کو کم کرنا چاہیئے اور طے شدہ کٹوتیوں سے پہلے ہی عوام کو آگاہ کیا جاتا ہے۔ فاروق خان نے سی اے پی ڈی کے اَفسران سے خطاب کرتے ہوئے عارضی سٹوریج پوائنٹس کے قیا م کے لئے مقامات کی نشاندہی کرنے کی ہدایت دی تاکہ عوام کو اشیائے ضروریہ کی باقاعدہ فراہمی ممکن ہوتی رہے ۔اُنہوں نے فلڈ کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کے اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ ایسے مقامات کی نشاندہی کریں جو سیلاب کے لئے حساس ہیں اور انہیں کمک کی ضرورت ہوسکتی ہے۔اگر کوئی احتیاطی تدابیر ہیں تو بغیر کسی تاخیر کے اُٹھائے جائیں۔ضلع ترقیاتی کمشنر اننت ناگ ڈاکٹر پیوش سنگلا نے مشیر کو جانکاری دی کہ اندرونی علاقوں میں سٹریٹجک مقامات پر بفر ٹرانسفارمر پہلے ہی تیار رکھے گئے ہیں ۔ اس کے علاوہ ہیلپ لائن نمبرات او رفیلڈ ورکروں کے رابطے کی تفصیلات عوام میں مشتہر کی گئی ہے ۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے میٹنگ کو بتایا کہ ضلع میں بجلی کی دستیابی کے حوالے سے لیزر گرڈ کی اَپ گریڈیشن 30؍ نومبر تک مکمل کی جائے گی اور اس کے صلاحیت میں اِضافہ سے ضلع کو غیر شیڈول کٹوتیوں کو کم کیا جائے گا۔مشیر فاروق خان کو یہ بھی جانکاری دی گئی کہ منریگا کے تحت متوقع ہدف کا 137 فیصد حاصل کیا گیا ہے او ر تمام اُجرتوں کی ادائیگی کی گئی ہے ۔ انہیں یہ بھی بتایاگیا کہ نان ایس اِی سی سی کوٹا کے تحت 2,583 پی ایم اے وائی مکانات اِس وقت زیر تکمیل ہیں۔پرنسپل جی ایم سی اننت ناگ نے میٹنگ کو ضلع میں کووِڈویکسی نیشن کی صورتحال اور تیسری لہر کی صورت میں تیاری کے بارے میں جانکاری دی ۔اِس سے قبل مشیر فاروق خان نے پرانے شہر اننت ناگ میں بابا ہر دریشی  ؒ کی زیارت پر حاضری دی ۔اُنہوں نے جموںوکشمیر کے عوام کی مجموعی ترقی اور بہبود کے لئے دعا کی۔مشیر موصوف نے زیارت میں ہونے والی ترقیاتی سرگرمیوں کا بھی جائزہ لیا اور ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔