موسم بہارمیں سیاحوں کی آمد میں اضافے کی امید

سرینگر //سیاحت و ثقافت کے سیکرٹری سرمد حفیظ نے آج یہاں محکمہ کے ٹور ٹریول آپریٹرز اور افسران کی ایک مشترکہ میٹنگ میں کشمیر کے سیاحتی منظر نامے کا جائیزہ لیا ۔ میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے سیاحت کے سیکرٹری نے کہا کہ اسٹیک ہولڈرز اور محکمہ کی مربوط کوششوں کی وجہ سے گذشتہ چند مہینوں میں سیاحوں کی آمد میں غیر متوقع طور پر حوصلہ افزاء اضافہ دیکھنے میں آیا ۔ انہوں نے کہا کہ سردیوں کے دوران سونمرگ اور دودپتھری جیسے مقامات کو کھولنے کے محکمے کے فیصلے کے حوصلہ افزاء نتایج برآمد ہوئے ہیں ۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ آنے والے مہینوں میں اچھی تعداد میں سیاح آئیں گے اور اسٹیک ہولڈرز سے کہا کہ وہ سہولیات اور لاجسٹکس کے معاملے میں اس کیلئے تیار رہیں ۔ سرمد حفیظ نے کہا کہ حکومت کی یہ کوشش ہے کہ اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر یو ٹی کی سیاحتی صلاحیت کو بڑے پیمانے پر فروغ دیا جائے ۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ ملک میں کووڈ کی صورتحال بہتر ہونے پر محکمہ دوبارہ ملک کی مختلف سیاحت منڈیوں میں پروموشنل سرگرمیاں شروع کرے گا ۔ انہوں نے ڈل میں فلوٹنگ تھیٹر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ’’ ہم نئے اور زیادہ تصورات متعارف کروا کر سیاحوں کے تجربات کو بڑھانے کی کوشش کر رہے ہیں‘‘ اور حال ہی میں محکمہ کی جانب سے سیاحوں کیلئے شہر کے دورے کا آغاز کیا گیا ۔ سیاحت کے سیکرٹری نے جموں و کشمیر میں محکمہ کی طرف سے شناخت کئے گئے 75 آف بیٹ مقامات کو مزید فروغ دینے میں اسٹیک ہولڈرز سے تعاون طلب کیا ۔ قبل ازیں ڈائریکٹر سیاحت کشمیر ڈاکٹر جی این ایتو نے وادی کشمیر میں سیاحت کے منظر نامے اور محکمہ کی جانب سے صلاحیتوں کو بروئے کار لانے اور اسے پورے ملک میں فروغ دینے کیلئے کی جانے والی کوششوں کا دوبارہ آغاز کیا ۔ میٹنگ میں محکمہ کے سینئر افسران اور سیاحت کے مختلف تجارتی اداروں کے نمائندے موجود تھے ۔ بعد ازاں سرمد حفیظ نے ٹورسٹ ریسپشن سنٹر کا ایک چکر لگایا اور سیاحوں کیلئے لگائے گئے مختلف سہولتی کاؤنٹرز کا معائینہ کیا ۔