موسمی کی خرابی سے عوامی مشکلات بڑھ گئی

منڈی//شدید برف باری اور بارش کی وجہ سے ضلع پونچھ کی تحصیل منڈی کے علاقہ لورن کے لوگوں کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔شدید برف باری اور بارش کی وجہ سے منڈی کے لورن بلاک کے لوگوں کو پانی، بجلی، تیل خاکی، اور بالن نہ ہونے کی وجہ سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ مکینوں کے مطابق برف باری کی وجہ سے انہیں بجلی پانی جیسی بنیادی سہولیات سے انتظامیہ کی جانب سے محروم رکھا گیا ہے۔علاقہ مکینوں نے بتایا کہ نہ ہی پینے کا صاف پانی دستیاب رکھا گیا ہے اور نہ شدید سردی سے بچنے کیلئے انہیں تیلِ خاکی دیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے قبل از وقت متعلقہ انتظامیہ سے عوام کیلئے بنیادی سہولیات دستیاب رکھنے کیلئے کہا تھا مگر انتظامیہ کی جانب سے انہیں بنیادی سہولیات سے محروم رکھا گیا ہے۔ مکینوں کا کہنا تھا کہ لورن علاقہ میں سردیوں کے تین ماہ یہاں کے لوگوںکیلئے کافی زیادہ سخت ہوتے ہیں جس کی وجہ سے انتظامیہ کہ جانب سے عوام کیلئے ہر طرح کے انتظامات کئے جاتے ہیں مگر اس بار انتظامیہ نے ان کے علاقہ میں کسی بھی طرح کے انتظامات نہیں کئے جس کی وجہ سے یہاں کی عوام بجلی پانی راشن اور تیلِ خاکی کیلئے ترس رہے ہیں۔ لورن کے لوگوں نے ضلع انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ وہ لورن میں عوام کیلئے بنیادی سہولیات کا انتظام کریں تاکہ یہاں کی عوام کو مشکلات سے دوچار نہ ہونا پڑے۔