موسمیاتی تبدیلی و انسانی صحت ایکشن پلان

بلال فرقانی
سرینگر/جموں کشمیر حکومت نے قومی ایکشن پلان (عملی منصوبہ)برائے موسمیاتی تبدیلی وانسانی صحت کی عمل آوری کیلئے کمیٹیوں کی تشکیل کومنظوری دی ۔ عمومی انتظامی محکمہ کے پرنسپل سیکرٹری منوج کمار دویدی کی جانب سے جاری کردہ آرڈر میںکہاگیاہے کہ حکومت نے قومی پروگرام برائے موسمیاتی تبدیلی اورانسانی صحت کے تحت مرکزی زیرانتظام علاقہ جموں وکشمیرمیں یونین ٹریٹری ایکشن پلان(عملی منصوبہ)برائے موسمیاتی تبدیلی وانسانی صحت کی عمل آوری کیلئے ان کمیٹیوں کی تشکیل کو ہری جھنڈی دکھائی ۔چار الگ الگ سطحی کمیٹیوںکاذکر کرتے ہوئے سرکاری آرڈرمیں کہاگیاہے کہ مرکزی زیر انتظام سطح کی ٹاسک فورس کل11ممبران پرمشتمل ہوگی ،جسکے چیئرمین انتظامی سیکرٹری برائے محکمہ صحت وطبی تعلیم ہونگے جبکہ اس ٹاسک فورس کے ممبران میں انتظامی سیکریٹری محکمہ زراعی پیداوار و بہبود کسان ،چیئرپرسن جموں وکشمیر پولیوشن کنٹرول بورڈ،انتظامی سیکریٹری محکمہ جل شکتی ،مشن ڈائریکٹر نیشنل ہیلتھ مشن اورمیٹرلوجی سینٹر جموں وکشمیر کے سینئر سائنسداں بھی ہونگے ۔