مودی 21ستمبر کوامریکہ دورہ کیلئے روانہ ہونگے | ڈونالڈ ٹرمپ سے ملاقات متوقع

عظمیٰ نیوز ڈیسک

نئی دہلی// سابق امریکی صدر اور ریپبلکن پارٹی کے صدارتی امیدوار ڈونالڈ ٹرمپ نے منگل کو کہا کہ وہ اگلے ہفتے ہندوستانی وزیراعظم نریندر مودی کے دورہ امریکہ کے دوران ان سے ملاقات کریں گے۔ ٹرمپ نے یہ اعلان مشیگن میں ایک انتخابی جلسے کے دوران کیا، مگر ملاقات کی جگہ کے بارے میں تفصیلات فراہم نہیں کیں۔خیال رہے کہ وزیر اعظم مودی 21ستمبر کو سہ روزہ دورے پر امریکہ روانہ ہوں گے، جہاں وہ کوآڈ سربراہی اجلاس اور اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں ‘مستقبل کی سربراہی کانفرنس’ سے خطاب کریں گے۔ وزیراعظم مودی 22 ستمبر کو نیو یارک میں ہندوستانی کمیونٹی کی ایک تقریب سے بھی خطاب کریں گے۔اس دورے کے دوران امریکی صدر جو بائیڈن، آسٹریلوی وزیراعظم انتھونی البانیز اور جاپانی ہم منصب فومیو کشیدا کے ساتھ چوتھے کوآڈ لیڈرز سمٹ کی میزبانی کریں گے۔ وزیراعظم مودی اور ڈونالڈ ٹرمپ کی آخری ملاقات فروری 2020میں امریکی صدر کے ہندوستانی دورے کے دوران ہوئی تھی۔