مودی 15اگست کے بعد پوروانچل ایکسپریس وے کا افتتاح کریں گے

سلطان پور// اترپردیش کے وزیراعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے کہاکہ 15اگست کے بعد پوروانچل ایکسپریس وے کا وزیراعظم نریندر مودی افتتاح کریں گے اور ا سکے بعد اس علاقہ میں معیشت میں تیزی آئے گی نیز روزگار کے امکانات میں اضافہ ہوگا۔مسٹر یوگی اتوار کو سلطان پور کے ایک روزہ دورہ پر پہنچے اور گرین فلڈ پوروانچل ایکسپریس وے پر شجرکاری پروگرام میں شامل ہونے کے بعد نامہ نگاروں سے کہاکہ 11200کروڑ روپے سے بننے والے پوروانچل ایکسپریس وے کے ذریعہ مشرقی اترپردیش کی ترقی اور یہاں پر روزگار وسیع امکانات پیدا ہوں گے ۔ اس ایکسپریس وے کی بنیاد جولائی 2018میں وزیراعظم مودی نے رکھی تھی۔انہوں نے کہاکہ ہم سواسال سے کورونا وبا کا سامنا کررہے ہیں اس کے باوجود اس کی تعمیر تیزی سے مکمل ہونے کی طرف گامزن ہے اور 94فیصد کام مکمل ہوچکا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ حکومت کی کوشش ہے کہ بچا ہوا چھ فیصد کام 15اگست تک مکمل کرلیں۔ انہوں نے کہاکہ ہم جگہ جگہ انڈسٹریل کلسٹر تیار کرنے والے ہیں جس سے مشرقی اترپردیش کی ترقی اور روزگار کے وسیع امکانات پیدا ہوں گے ۔وزیراعلی نے کہاکہ 15اگست کے بعد مسٹر مودی کے ہاتھوں سے یہ ریاست کے باشندوں کو وقف ہوگا تو یہ مشرقی اترپردیش جو اقتصادی نظریہ سے آزادی کے بعد نظراندازی کا شکار ہونے کی وجہ سے پچھڑ گیا تھا اس کی معیشت میں تیزی آئے گی۔ علاقہ میں روزگار کے نئے امکانات پیدا ہوں گے ۔ اس لئے حکومت نہ صرف انڈسٹریل کلسٹر قائم کرے گی بلکہ ماحولیات کے نظریہ سے بھی ایکسپریس وے پر تمام پیمانوں کو مکمل کرتے ہوئے وسیع شجر کاری پروگرام کو آگے بڑھا رہی ہے ۔