سرینگر// حریت(ع) نے کہاہے کہ نریندر مودی کے دورئہ کشمیر پر جس طرح پوری وادی کو فوجی چھاونی میں تبدیل کردیا گیا ہے، حریت پسند قائدین اور کارکنوں کو تھانہ و خانہ نظر بند کیا گیا ہے اور وادی خصوصاً سرینگر شہر میں پولیس اور فورسز کے پہرے بٹھاکر لوگوں کی جامہ تلاشیاں، پوچھ گچھ اور ہراسانی کے ذریعے خوف و ہراس کا ماحول پیدا کیا گیا ہے وہ حکمرانوں کی بوکھلاہٹ کا نتیجہ ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ ہر ایسے موقعہ پر جب کسی بھارتی لیڈر کی کشمیر آمد ہو تو پوری وادی کو فوجی چھاونی میں تبدیل کرکے لاکھوں لوگوں کو یرغمال بنایا جاتا ہے اور عام لوگوں سمیت تجارت پیشہ ، طالب علموں کو شدید عذاب و عتاب کا شکار ہونا پڑتا ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ بھارتی وزیر اعظم کی آمد کے پیش نظر جس طرح فورسز اور پولیس نے عام لوگوں کو حفاظتی انتظامات کے نام پر ہراساں کرنے کا عمل شروع کیا ہے ، گھنٹوں ٹریفک کی نقل و حمل کو مسدود کیا جارہاہے، موٹر سائیکلوں کو زبردستی چھینا جارہا ہے ، وہ اس بات کا عکاس ہے کہ لاکھوں کی تعداد میں فورسز کی موجودگی کے باوجود حکمران طبقہ خود کو نہ صرف غیر محفوظ تصور کر رہا ہے بلکہ نہتے کشمیری عوام کو ہراساں اور پریشان کرنا ان کی روز مرہ کی سرگرمیوں میں شامل ہے ۔ بیان میں چیئرمین میرواعظ محمد عمر فاروق کو ریاستی انتظامیہ کی جانب سے خانہ نظر بند کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ موصوف کی دینی و سیاسی سرگرمیوں پر طاقت کے بل پر قدقن عائد کی جارہی ہے۔بیان میں حریت رہنما مختار احمد وازہ کو گرفتار کرکے تھانہ صدر اسلام آباد میں مقید کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا گیا کہ موصوف کو آئے روز گرفتار کر کے مختلف تھانوں میں نظر بند کیا جاتا ہے اور اس طرح اُن کی پُر امن سرگرمیوں پر بلا جواز پابندی عائد کی جارہی ہے۔ اس دوران محبوس حریت چیئرمین میرواعظ نے عوامی مجلس عمل سے وابستہ کئی افراد اور تنظیم کے سرکردہ رکن محمد شفیع خان کے برادر نسبتی حاجی گل محمد شیخ ساکن شیش باغ، ظہور احمد سلاتھی ساکن حول کی والدہ ، محمد اشرف کاشانی ساکن خانیار اور عبد الصمد کاکو ساکن بژھ پورہ کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے جملہ مرحومین کے اہل خانہ کے ساتھ اپنی دلی تعزیت و ہمدردی کا اظہار کیا ہے ۔ میرواعظ کی ہدایت پر تنظیمی ارکان کے ایک وفدنے حول ، شیش باغ ، خانیار اور بژھ پورہ جاکر لواحقین کے ساتھ تعزیت کی۔وفد صوفی مشتاق احمد، غلام قادر بیگ، پیر غلام نبی اور فاروق احمد سوداگر پر مشتمل تھا۔پیروان ولایت کے جنرل سیکریٹری نے وزیر اعظم نریندر مودی کے دورئہ کشمیر کو کشمیری قوم کیلئے باعث عذاب قرار دیتے ہوئے کہا کہ مودی کے دورئہ کشمیر پر پوری وادی کو فوجی چھاونی میں تبدیل کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف سے حریت پسندوں کو خانہ وتھانہ نظر بند کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف جمہوریت کے بلند بانگ دعویٰ کئے جارہے ہیں اوردوسری طرف مودی کے دورئہ کشمیر پر عوام کو فورسز کے ذریعے ہراساں و پریشان کرکے جمہوری اقدار کی دھجیاں اڑائی جارہی ہیں۔سالویشن مومنٹ چیئرمین ظفر اکبر بٹ نے حالیہ گرفتاریوں پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی کے متعددکارکنان کو گرفتار کرکے پولیس تھانوں میں بند کیا جارہا ہے۔ظفر اکبر نے اس بات پر سخت رنج و غم کا اظہار کیا کہ ان سبھی قائدین و کارکنان کو فرضی الزامات کے تحت بند رکھا جارہاہے۔
مودی کے دورئہ کشمیر پروادی فوجی چھاونی میں تبدیل:مزاحمتی خیمہ
