مودی کی ویتنا م کے نئے وزیر اعظم فام منھ چنھ کو مبارکباد

نئی دہلی//وزیر اعظم نریندر مودی نے کل ویت نام کے وزیر اعظم فیم منھ چنھ سے فون پر بات کی۔وزیر اعظم نریندر مودی نے ویت نام کا وزیر اعظم مقرر کئے جانے پر فیم منھ چنھ کو مبارکباد پیش کی اور اس بات پر اعتماد کا اظہار کیا کہ ان کی رہنمائی میں ہندوستان- ویت نام جامع اسٹریٹجک شراکت داری مستحکم ہوتی رہے گی۔وزیراعظم نے اس بات کا خیر مقدم کیا کہ دونوں ملکوں کا ایک کھلے ، شمولیت والے ، پر امن اور قانون کی حکمرانی والے بحر ہند خطے کے بارے میں یکساں نظریات رکھتے ہیں اور اس لئے ہندوستان-ویت نام جامع اسٹریٹجک شراکت داری سے خطے کے استحکام ، خوشحالی اور ترقی کو فروغ حاصل ہوتا رہے گا۔ اس سلسلے میں وزیر اعظم نے اس بات کا ذکر بھی کیا کہ اس وقت ہندوستان اور ویت نام دونوں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ساتھی ارکان ہیں۔وزیر اعظم نے ہندوستان میں کووڈ-19 عالمی وبا کی دوسری لہر کے دوران حکومت ویت نام اور وہاں کے عوام کے ذریعہ گراں قدر امداد فراہم کرانے پر وزیر اعظم چنھ کا شکریہ ادا کیا۔ دونوں لیڈروں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ وہ عالمی وبا کے دوران ایک دوسرے سے مشورہ کرنا اور ایک دوسرے کی مسلسل کوششوں میں مدد کے لئے تعاون کرنا جاری رکھیں گے ۔دونوں وزرائے اعظم نے دو طرفہ تعلقات کی صورتحال کا جائزہ لیا اور تعاون کے مختلف شعبوں سے متعلق تبادلہ خیال کیا۔