سرینگر//پولیس نے وزیر اعظم ہند نریندر مودی کے وادی دورے سے قبل ہی شہر میں موٹر سائیکل سواروں کے خلاف کریک ڈائون شروع کیاہے۔ ہفتہ کو شہر کے مختلف علاقوں میں تلاشیوں اور چیکنگ کا سلسلہ جاری رہا جس کے دوران موٹر سائیکل چلانے والوں کیخلاف وسیع کریک ڈائون عمل میں لا کر سینکڑوں موٹر سائیکلوں کو ضبط کیا گیا۔عینی شاہدین کے مطابق پولیس اْن متعدد موٹر سائیکلوں کو بھی ضبط کررہی ہے جن کے پاس قانونی دستاویزات بھی موجود ہیں۔پولیس ذرائع نے تاہم کہا کہ موٹر سائیکلوں کو صرف حفاظتی اقدام کے بطور روکا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر کسی موٹر سائیکل کے پاس قانونی دستاویزات موجود نہ ہوں تو صرف اْسی کو ضبط کیا جارہا ہے۔پانپور سے ایک موٹر سائیکل سوار، ریاض احمد کا کہنا ہے کہ اْس کو شہر میں داخل ہونے سے روکا جارہا ہے اور بیسیوں ایسے ہی موٹر سائیکلوںکو پانپور میں پولیس نے روکے رکھا ہے حالانکہ ہر ایک کے پاس قانونی دستاویزات موجود ہیں۔اس دوران معلوم ہوا ہے کہ شمالی کشمیر سے شہر میں داخل ہونے والے راستے پر پارمپورہ تھانے میں بھی بیسوں موٹر سائیکلوں کو ضبط کیا گیا ہے۔
مودی کی وادی آمد:شہر میں سینکڑوں موٹر سائیکل ضبط
