مودی کی آمد پر ہمہ گیر ہڑتال کی جائے

سرینگر//مشترکہ مزاحمتی قیادت سید علی شاہ گیلانی، میرواعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک نے وزیراعظم نریندر مودی کی جموں کشمیر آمد کے سلسلے میں اتوار3 فروری مکمل اور ہمہ گیر کشمیر بندھ کی اپیل کی ہے۔انہوں نے مرکز کو متنبہ کیا کہ اگر ریٹلے پاور پروجیکٹ کو این ایچ پی سی کو دیا گیا تو اسکے خلاف مزاحمتی کی جائیگی۔مزاحمتی قیادت نے کہا ہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کا پانچ سالہ دور حکومت کشمیریوں کیلئے مظالم و مجابر کادور رہا ہے جس دوران معصوموں کا لہو بے دریغ بہایا گیا،  نونہالوں کی بصارتیں پیلٹ سے چھین لی گئیں، گھر آگ و آہن و بارود کی نذر کردئے گئے، ہزاروں پیر و جوان قید و بند میں مبتلا کردئے گئے اور آپریشن آل آئوٹ کے تحت قافیہ حیات تنگ تر کردیا گیا۔ جس انسان نے کشمیریوں کی مزاحمت کو کچلنے کیلئے مال و جان کی تباہی،کاروبار اور اقتصادیات کی تباہ کاری اور دوسرے مظالم کواپنا اوڑھنا بچھونا بنائے رکھا ہے اُس کی جموں کشمیر آمد پر سوائے احتجاج کے کچھ اور نہیں کیا جاسکتا۔قائدین نے کہا کہ2014 میں جب نریندر مودی نے بھارت کی حکمرانی کا تاج اپنے سر پر سجایا تو روز اوّل سے ہی موصوف
نے کشمیریوں کو زیر کرنے کیلئے آہنی مظالم کا سلسلہ شروع کردیا۔ کبھی پنڈتوں کیلئے اسرائیلی طرز کی بستیاں تعمیر کرنے، کبھی سابق فوجیوں کو کشمیر میں بسانے، کبھی مغربی پاکستان کے شرنارتھیوں کو جموں کشمیر کا مستقل باشندہ بنانے کے پروگرام سامنے لائے گئے اور جب کشمیریوں نے اپنی مثالی مزاحمت سے ان جابرانہ اقدامات کا راستہ روکا تو قتل و غارت گری، قید و بند کے سلسلے کی درازی، مکانات اور رہائشی عمارات کو بارود و آگ کی نذر کردینے، پیلٹ مار کر سیکڑوں کشمیریوں کی بینائیاں سلب کرنے، GST جیسے ٹیکس اقدامات کرکے یہاں کے کاروبار اور اقتصادیات کو تباہ و برباد کرنے بھارتی ایجنسیوں این آئی اے ،ای ڈی وغیرہ کو استعمال کرنے، کشمیری اسیروں پر کالے قانون پی ایس اے کے تحت گرفتار کرنے اور بیرون جموں کشمیر جیلوں میں شفٹ کرنے جیسے مظالم و مجابر کا آغاز کردیا گیاجو تاہنوز جاری ہیں۔
قائدین نے کہا کہ پچھلے پانچ برس کے دوران سیکڑوں کشمیری جوانوں جن میں متعدد خواتین بھی شامل ہیں کو تہہ تیغ کیا گیا اور دنیا نے دیکھا کہ مقتولین کی لاشوں کو گھسیٹا گیا، جلاڈالا گیا،مسخ کیا گیا اور لاشوں پر جشن تک منایا جاتا رہا۔ رہائشی مکانات اور عمارات کو بارود ، پٹرول اور کمیکل کا استعمال کرکے مسمار کیا جاتا رہا اور فاخرانہ انداز میں اس تباہی کو فلمایا اور نشر کیا جاتا رہا۔قائدین نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم850میگا واٹ ریٹل پاور پروجیکٹ کو NHPCکے حوالے کرنے کیلئے آرہے ہیں۔قائدین نے کہا کہ این ایچ پی سی کے نام تلے اس لوٹ مار کو کشمیری مزید برداشت نہیں کریں گے اور اس کے خلاف زور دار مزاحمت کی جائے گی ۔