مودی کا دورہ 7مارچ کو تیاریوں کو حتمی شکل، ہر فرد کو امیدیں وابستہ:سنیل شرما

یو این آئی

سرینگر//بی جے پی کے سینئر لیڈر سنیل شرما کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی کے دورہ کشمیر کے پیش نظر تمام تیاریوں کو حتمی شکل دی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم 7 مارچ کو یہاں بخشی اسٹیڈیم میں ایک بڑی ریلی سے خطاب کریں گے جس میں لوگوں کی بھاری تعداد میں شرکت متوقع ہے۔کل یہاں پارٹی لیڈروں اور کارکنوں کے ساتھ میٹنگ کے بعد نامہ نگاروں کے سوالوں کے جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم کے دورہ کشمیر کے حوالے سے یہاں نہ صرف پارٹی کارکنوں بلکہ عام لوگوں میں بھی بہت ہی جوش وخروش دیکھا جا رہا ہے۔شرما نے کہا کہ وزیر اعظم کی ریلی میں بڑی تعداد میں لوگوں کی شرکت متوقع ہے۔

 

انہوں نے کہا: ‘جس کشمیر میں بی جے پی ایک اچھوتی پارٹی تھی آج یہاں کے ہر غریب، خاتون، بزرگ اور ہر فرد کو نریندر مودی سے امیدیں وابستہ ہیں’۔بتادیں کہ وزیر اعظم نریندر مودی 7 مارچ کو کشمیر کا دورہ کر رہے ہیں جس دوران وہ یہاں بخشی اسٹیڈیم میں ایک عوامی ریلی س خطاب کریں گے۔معلوم ہوا ہے کہ وزیر اعظم کے کشمیر دورے کے پیش نظر وادی میں سیکورٹی ، انتظامی اور پارٹی سطح پر تیاریوں کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔قابل ذکر ہے کہ یہ ایک مہینے سے بھی کم وقت میں وزیر اعظم کا دوسرا دورہ جموں وکشمیر ہوگا۔20 فروری کو انہوں نے دورہ جموں کے دوران مولانا آزاد اسٹیڈیم میں ایک بھاری عوامی ریلی سے خطاب کیا تھا اور 32 ہزار کروڑ روپیوں کے مالیت کے پروجیکٹوں کا افتتاح کیا تھا۔سال 2019 میں دفعہ 370 کی تنسیخ کے بعد یہ نریندر مودی کا پہلا دورہ کشمیر ہوگا۔لوک سبھا انتخابات کے پیش نظر وزیر اعظم کے اس دورہ کشمیر کو انتہائی اہمیت کا حامل قرار دیا جا رہا ہے۔