مودی کاکشمیردورہ زخموں پر نمک پاشی: صلاح الدین

 مظفر آباد//حزب سربراہ اور متحدہ جہاد کونسل چیئرمین سید صلاح الدین نے کہا ہے کہ بھارتی وزیر اعظم کا کشمیر کا دورہ ،کشمیریوں کے زخموں پر نمک پاشی اور دنیا کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے مترادف ہے“ ۔ موصولہ بیان کے مطابق سید صلاح الدین نے کہاکہ” نریندر مودی نے بھارت کے اندر نہ صرف مسلمانوں بلکہ دیگر اقلیتوں کو بھی ہلا کے رکھ دیا ہے ،ان کی زندگی ، مال و متاع اور عزت و ناموس تک محفوظ نہیں ہے“۔صلاح الدین نے کہاکہ پچھلے 9مہینے سے جو قہر جموں و کشمیر میں بپا کیا گیا ہے ،وہ کسی سے مخفی نہیں ،معصوم بچوں کا قتل، سینکڑوں لوگوں کو نا بینا بنانے اور ہزاروں لوگوں کو پیلٹ گن فائرنگ معذور کراکے جس طرح کا ظلم ڈھایا گیا اور ڈھایا جارہا ہے ،ایسے میں نریندر مودی کا دورہ کرنا ،آخر کیا معنی رکھتا ہے“؟انہوں نے کہا کہ اس دورے سے دنیا کو یہ پیغام دینے کی ناکام کوشش کی جارہی ہے کہ کشمیر میں سب کچھ ٹھیک جارہا ہے ۔سید صلاح الدین نے حریت کانفرنس کی کال کی حمایت کرتے ہوئے اس یقین کا اظہار کیا کہ کشمیری عوام اس اشتعال انگیز دورے کے موقعہ پر اپنی بھر پور نفرت کا اظہار کریںگے اور دنیا کو یہ پیغام دیں گے کہ کشمیری عوام نہ ظلم و جبر کے آگے سر خم کرلیں گے اور نہ کسی فریب کاری اور مکاری کا تر نوالہ بنیں گے۔