مودی نے افواج پر سرجیکل اسٹرائک کی : راہل

نئی دہلی// کانگریس کے صدر راہل گاندھی نے رافیل جنگی طیاروں کے سودے پر وزیراعظم نریندر مودی کو ایک بار پھر نشانہ بناتے ہوئے سنیچر کو کہاکہ انہوں نے انل انبانی کے ساتھ مل کر ہندستانی فوجی دستوں پر 'سرجیکل اسٹرائک' کی۔مسٹر گاندھی نے ٹوئٹ کرکے کہاکہ وزیراعظم نریندر مودی اور انل انبانی نے ہندستانی فوجی دستوں پر 130ہزار کروڑ روپے کی سرجیکل اسٹرائک کی۔ مسٹر مودی آپ نے ہمارے شہید فوجیوں کے خون کی توہین کی ہے ۔آپ کو شرم آنی چاہئے ۔ آپ نے ہندستان کے اعتماد کے ساتھ دھوکہ کیا ہے ۔کانگریس کے صدر کا یہ بیان فرانس کے سابق صدر فرانسوا اولاند کے حوالے سے میڈیا میں آئے بیان پر آیا ہے کہ رافیل سودے میں انل انبانی کی کمپنی ریلائنس انڈسٹریز کا نام ہندستانی حکومت نے پیش کیا تھا۔کانگریس کے لیڈروں کپل سبل، آنند شرما اور سندیپ دیکشت نے بھی اس معاملہ پر مودی حکومت کی تنقید کی ہے ۔ مسٹر سبل نے کہاکہ حکومت کو اس سلسلہ میں صفائی دینی چاہئے ۔مسٹر گاندھی نے سنیچر کی رات کو ٹوئٹ کرکے کہا تھا کہ وزیراعظم نے بند دروازے کے پیچھے رافیل سودے پر ذاتی طورپر بات چیت کی اور اسے بدلا۔ مسٹر فرانسو اولاند کا شکریہ جن کے انکشاف سے ہمیں پتہ چلا کہ انہوں نے ذاتی طورپر اربوں ڈالر کا ٹھیکہ دیوالیہ ہوچکے انل انبانی کو دیا۔ وزیراعظم نے ملک کو دھوکہ دیا ہے ۔ انہوں نے فوجیوں کے خون کی توہین کی ہے ۔خیال رہے کہ فرانسیسی ویب سائٹ 'میڈیا پارٹ' میں شائع ایک رپورٹ میں مسٹر اولاند کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ رافیل سودے کے لئے ہندستان کی طرف سے ریلائنس کا نام پیش کیا گیا تھا اور طیارہ سازکمپنی ڈسلاٹ ایوی ایشن کے پاس ریلائنس کے علاوہ کوئی متبادل نہیں تھا۔یو این آئی