مودی خود ہی لکھتے ہیں تاریخ،مسلم پارٹی بتانے پر کانگریس کا وزیر اعظم پر پلٹ وار

نیہ دہلی//کانگریس کو مسلمانوں کی پارٹی بتانے والے وزیر اعظم مودی کے بیان پر پارٹی نے سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ کانگریس کے سینئر لیڈر آنند شرما نے کہا کہ وزیر اعظم کے عہدہ پر فائز شخص کو کسی سیاسی پارٹی کیلئے ایسے الفاظ کا استعمال کرنا زیب نہیں دیتا ہے۔ آنند شرما نے کہا کہ وزیر اعظم مودی کو تاریخ کی کم معلومات ہے ، وہ اپنی تاریخ خود ہی لکھتے ہیں۔خیال رہے کہ وزیر اعظم مودی نے ہفتہ کو اعظم گڑھ میں پروانچل ایکسپریس وے کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد ایک عوامی ریلی کو خطاب کیا اور کانگریس پر تیکھے حملے کئے تھے۔ ایک اردو اخبار کی خبر کا حوالہ دیتے ہوئے کانگریس صدر راہل گاندھی سے سوال کیا کہ کیا کانگریس صرف مسلم مردوں کی پارٹی ہے یا مسلم خواتین کی بھی ہے؟۔وزیر اعظم مودی کے بیان پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے آ شرما نے کہا کہ وزیر اعظم مودی سیاست کے معیار کو نیچے لے جارہے ہیں۔ وزیر اعظم پورے ہندوستان کا ہوتا ہے ، صرف بی جے پی کا نہیں ، ان کی اپوزیشن پارٹی کانگریس نے کئی قومی آندولن اور آزادی کی جہدو جہد میں حصہ لیا ہے۔ آنند شرما نے کہا کہ انہیں یہ یاد رکھنا چاہئے کہ مہاتما گاندھی ، جواہر لال نہرو ، سردار پٹیل ، لالہ لاجپت رائے اور مولانا آزاد جیسے لیڈران صدر رہ چکے ہیں۔ یہ بہتر ہوگا کہ اگر وہ کانگریس صدور کی فہرست اپنے دفتر میں رکھیں ، ہو سکتا ہے کہ اس کے بعد ان کی غلط بیان دینے کی عادت ختم ہوجائے۔