مودی حکومت کے 10برسوں میں جموں و کشمیر کے ’’ہاٹ سپاٹ‘‘ میں جنگ جیتنے میں کامیاب:امت شاہ

 عظمیٰ نیوز سروس

ہزاری باغ (جھارکھنڈ)//مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے جمعہ کو کہا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے ساتھ ہندوستان کی دو بڑی سرحدیں اگلے دو سالوں میں مکمل طور پر محفوظ ہو جائیں گی۔وہ یہاں بارڈر سیکورٹی فورس (بی ایس ایف) کے 59 ویں یوم تاسیس کی تقریبات کے موقع پر ایک رسمی پریڈ سے سلامی لینے کے بعد بات کر رہے تھے۔وزیر داخلہ نے زور دے کر کہا کہ جب بھی بی جے پی کی حکومت نے ملک میں اقتدار کی باگ ڈور سنبھالی، سرحدی حفاظت کو ترجیح دی گئی۔وزیر نے مزید کہا کہ گزشتہ دس سالوں میں بائیں بازو کی انتہا پسندی سے متاثرہ علاقوں میں 199 نئے سکیورٹی فورسز کے کیمپ قائم کیے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ ہم یہ جنگ جیتیں گے۔امت شاہ نے کہا کہ مودی حکومت کے پچھلے 10 سالوں میں، ہم جموں و کشمیر کے “ہاٹ سپاٹ” میں جنگ جیتنے میں کامیاب رہے ہیں۔

 

انکا کہنا تھا کہ بائیں بازو کی انتہا پسندی اور شمال مشرق میں شورش کے علاوہ سیکورٹی فورسز جموں و کشمیر میں اپنا تسلط قائم کرنے میں کامیاب رہی ہیں۔ شاہ نے کہا کہ زندگی کے لیے فرض صرف بی ایس ایف کا نعرہ نہیں ہے بلکہ آج تک 1900 سے زیادہ سرحدی محافظوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے اس ذمہ داری کو پورا کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پورے ملک کو بی ایس ایف کے ان بہادر جوانوں پر فخر ہے کیونکہ بی ایس ایف نے جس طرح ملک کے دفاع کی پہلی لائن کے طور پر ملک کی ناقابل رسائی سرحدوں کو محفوظ بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کے برف پوش علاقے ہوں، شمال مشرق کے پہاڑ، گجرات اور راجستھان کے ریگستان، گجرات کے دلدلی علاقے ہوں یا سندر بن اور جھارکھنڈ کے گھنے جنگلات، بی ایس ایف نے ہمیشہ چوکنا اور دشمن کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا ہے۔ بی ایس ایف نے اقوام متحدہ کے امن مشن میں بین الاقوامی سطح پر خدمات اور بہادری کے نئے معیارات بھی قائم کیے ہیں۔ شاہ نے کہا کہ جس ملک کی سرحدیں محفوظ نہیں ہیں وہ کبھی ترقی اور خوشحال نہیں ہو سکتا۔ شاہ نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں ہندوستان نے ہر میدان میں ترقی کی ہے اور یہ تبھی ممکن ہے جب ہماری سرحدیں ہمارے بہادر سپاہیوں کی تپسیا، قربانی اور بہادری سے محفوظ ہوں۔ شاہ نے کہا کہ بی ایس ایف کے جوانوں کی زندگی نہ صرف سرحدوں کی حفاظت کرتی ہے بلکہ ملک کے جوانوں کو نظم و ضبط کا پیغام بھی دیتی ہے۔