عظمیٰ نیوزسروس
جموں//این سی، کانگریس، ڈی پی اے پی، اور دیگر سیاسی جماعتوں کی سرکردہ سیاسی شخصیات بشمول سابق سرپنچوں، سابق پنچایتی نمائندوں، اور رام بن حلقہ کے سماجی کارکنوں نے اپنے حامیوں کے ساتھ پارٹی کے سینئر لیڈروں کی موجودگی میں بھارتیہ جنتا پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔جموں و کشمیر بی جے پی صدر رویندر رینہ، جنرل سکریٹری (تنظیم)اشوک کول، جنرل سیکریٹری ڈاکٹر دیویندر کمار منیال اوریگر پارٹی رہنماؤں نے نئے آنے والوں کا خیرمقدم کیا۔رویندر رینا نے پارٹی میں نئے شامل ہونے والوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی زیرقیادت حکومت کی عوامی فلاح و بہبود کی پالیسیوں سے معاشرے کے ہر فرد کو بلا تفریق علاقے یا مذہب کا فائدہ پہنچا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت نے عوام کا دل جیت لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج پارٹی کو عوام کے ساتھ ساتھ ممتاز سماجی اور سیاسی قائدین کی حمایت حاصل ہو رہی ہے جو کہ بی جے پی کی ترقیاتی پالیسی کی اعلیٰ قبولیت کو ظاہر کرتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بی جے پی اپنی مختلف ترقیاتی پالیسیوں کے ذریعے جموں و کشمیر میں ترقی اور پیشرفت کے ایک نئے دور کو یقینی بنانے کے لیے زمین پر کام کر رہی ہے جس میں عوام کی سماجی و اقتصادی ترقی کا مکمل روڈ میپ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کی واضح پالیسیوں سے آج ہر شعبے کے ممتاز لوگ بڑی تعداد میں بی جے پی میں شامل ہو رہے ہیں۔اشوک کول نے بھی نئے آنے والوں کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ مودی حکومت نے جموں و کشمیر میں رہنے والے ہر فرد کو انصاف فراہم کیا ہے۔