ڈوڈہ //راجیہ سبھا میں قائد حزب اختلاف و سابق وزیر اعلیٰ غلام نبی آزاد نے مودی حکومت پر جنگ اور خوف کا ماحول پید اکرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ بھارتیہ جنتاپارٹی کے دور میں ترقی تو ہوئی نہیں مگر لوگوں کے درمیان نفرت کی ایسی دیوار کھڑی کی گئی جس کی وجہ سے نہ صرف ریاست بلکہ پورے ملک میں ماحول بدامنی کاشکا رہے ۔ضلع ڈوڈہ کے مرمت، بھاگواہ و دیگر علاقوں میں انتخابی جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ بی جے پی نے اقتدار میں رہ کر صرف اور صرف اپنے منظور نظر لوگوں کے کام کئے اور عام لوگوں کے تئیں اس جماعت کا وطیرہ بالکل مختلف ہے ۔ انہوںنے کہاکہ بھاجپا دور حکومت میں رشوت خوری میں اضافہ ہوا اور لوگوں کے ساتھ کئے گئے وعدوں پرعمل نہیں کیاگیابلکہ عوام کو بیوقوف بنانے کی کوشش کی ۔ ان کاکہناتھاکہ بی جے پی نے غریب اور نادار لوگوں کو سبز باغ دکھاکر ان کا استحصال کیا ۔آزاد کاکہناتھاکہ سب سے تشویشناک بات اور المیہ یہ ہے کہ انہوںنے مذہب کے نام پر عام لوگوں کو تقسیم کیا اور ایک دوسرے کے درمیان نفرت کی دیواریں کھڑی کیںجس کی وجہ سے نہ صر ف ریاست بلکہ پورے ملک میں بدامنی پھیلی اور نفرت کا ماحول پیدا ہوا۔سابق وزیر اعلیٰ نے کہاکہ بھاجپا حکومت ترقیاتی محاذ پر پوری طرح سے ناکام ہوئی اور اس تعلق سے کوئی پیشرفت نہیں ہوئی ۔ انہوںنے کہاکہ صرف زبانی خرچ اور لوگوں کو سبز باغ دکھانے اور جھوٹے و کھوکھلے وعدے دیئے جاتے رہے۔آزاد نے کہاکہ دور دراز علاقوں میں بنیادی سہولیات کا فقدان ہے اور لوگوںکو مہاتماگاندھی نریگا کی اجرتیں بھی نہیں مل رہی ۔ انہوںنے کہاکہ تعلیمی اداروں میں گرتامعیار روز روشن کی طرح عیاں ہے مگر اس جانب کسی نے کوئی توجہ نہیں دی ۔ کانگریس رہنما نے بھارتیہ جنتاپارٹی پر تنقید کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے کہاکہ رشوت پہلے سے بھی بہت زیادہ ہوگئی ہے ۔انہوںنے ڈاکٹر جتیندر کا نام لئے بغیر کہا’’آپ کے ایم پی نے اپنے پانچ سال کے دوران بہت کم دورے کئے ہیں مگر چونکہ آج ان کو ووٹوں کی ضرورت ہے تو وہ آپ کے سامنے ووٹوں کی بھیک مانگنے کیلئے ہرجگہ حاضر ہورہے ہیں ‘‘۔انہوںنے کہاکہ تعمیروترقی کے کام ٹھپ پڑے ہیں اور لوگوں کے روز مرہ کے مسائل بھی حل نہیںہورہے ۔انہوںنے کہاکہ کانگریس کی حکومت بننے کے بعد غریبوں اور ناداروں کیلئے سکیموں کو موثر بنایاجائے گا ۔انہوںنے عوام سے اپیل کی کہ وہ چنائو میں کانگریس امیدوار وکرم ادتیہ سنگھ کو ووٹ دے کرکامیاب بنائیں ۔
مودی حکومت نے جنگ اور خوف کا ماحول پیدا کیا
