جموں//پردیش کانگریس صدرغلام احمدمیر نے الزام لگایا ہے کہ بھاجپاکی قیادت میں مرکزی حکومت ملک کے جمہوری اداروں کونفرت پھیلاکرتباہ کررہی ہیںاورفرقہ وارانہ بھائی چارے کوزک پہنچارہی ہے۔یہاں پارٹی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے میر نے لوگوں سے کہا کہ وہ بھاجپا کی ’’غلط پالیسیوں‘‘کیلئے مخالفت کریں اورحکومت کو جمہوری طریقوں سے ’’عوام دشمن،غریب کش اور نوجوان مخالف ‘‘پالیسیوں کوترک کرنے پرمجبور کریں۔انہوں نے کہا کہ نریندرمودی کی قیادت میں موجودہ مرکزی سرکار جمہوری اداروں کو ایک منصوبہ بند طریقے سے تباہ کررہی ہیں اور ملک کے تمدن کونفرت آمیزتقاریر سے برباد کررہی ہے۔میرنے کہا کہ اقتصادیات بھی بھائی چارے کوزک پہنچائے جانے کی وجہ سے نقصان سے دوچار ہے۔انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ مودی حکومت کو نیندسے جگانے کیلئے 9جنوری سے عوامی بیداری مہم شروع کی جائے گی۔اس موقعہ پر رمن بھلہ نے کہا کہ حکومت کی پالیسیوں کی وجہ سے ملک بھگت رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ دوبرس سے ہم نے ایندھن کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ دیکھا۔اقتصادیات سب سے نچلی سطح پر پہنچ گئی ہے اور لاکھوں لوگ بے روزگار ہوگئے ہیں۔