مودی آج ریلی کیساتھ الیکشن مہم شروع کرینگے

 
جموں//وزیر اعظم نریندر مودی آج جموں کے اکھنور علاقے میں منعقد ہورہی ریلی سے بھارتیہ جنتاپارٹی کیلئے لوک سبھا الیکشن مہم شرو ع کریں گے ۔شیڈیول کے مطابق وزیر اعظم آج سہ پہر 4بج کر 30منٹ پر انڈین ایئر فورس کے سپیشل ایئرکرافٹ کے ذریعہ جموں پہنچیں گے جہاں سے وہ ایم آئی۔17ہیلی کاپٹر کی مدد سے جموں شہر سے 25کلو میٹر دور ریلی کی جگہ اکھنور کے ڈومی علاقے میں جائیں گے ۔ذرائع نے بتایاکہ وزیر اعظم ریلی کے مقام 5بجے پہنچیں گے اور 55منٹ کے خطاب اور سینئر لیڈران سے میٹنگ کے بعد وہ شام 6بج کر 30منٹ پر واپس روانہ ہوجائیں گے ۔جمعرات کے روز وزیر اعظم کا یہ آخری جلسہ ہوگا ۔ قبل ازیں انہیں میرٹھ اترپردیش اور ردراپور جھار کھنڈ میں بھی ریلیوں سے خطاب کرناہے ۔ریلی کے ذریعہ وزیر اعظم پارٹی کے جموں کی دونوں نشستوں کیلئے امیدواروں کیلئے ووٹ کی اپیل کریں گے ۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ وزیر اعظم کے دورے کے پیش نظرایڈوانسڈ سیکورٹی لائزان ٹیم نے جموں میں انتظامیہ اور پولیس کے ساتھ میٹنگیں کرکے سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لیا ۔اس ٹیم نے بھی ریلی والی جگہ کا دورہ کیا ۔دلچسپ امر ہے کہ جموں میں کوئی بڑا گرائونڈ نہ ہونے کی وجہ سے یہ ریلی ڈومی گائوںمیں رکھی گئی ہے جہاں کسانوں کو اپنی فصلیں قبل از وقت ہی کاٹناپڑی ہیں ۔
 

سرینگر حلقہ انتخاب

 ایک نامزد گی رَد  12 میدان میں

سرینگر// سری نگر پارلیمانی حلقے کے ریٹریننگ آفیسر ڈاکٹر شاہد اقبال چودھری نے آج اس حلقہ کے لئے داخل کئے گئے کاغذاتِ نامزدگی کی جانچ پڑتال کی اور اس دوران ایک اُمید وار کی نامزدگی رَد کی گئی اور 12 اُمیدواروں کے کاغذات  نامزدگی درست پائے گئے۔جموں وکشمیر پیپلز کانفرنس کے اُمید وار عابد حسین انصاری کے کاغذاتِ نامزدگی رد کئے گئے ہیں۔جو اُمید وار چنائو میدان رہ گئے ہیں اُن میں جموں وکشمیر نیشنل کانفرنس کے ڈاکٹر فاروق عبداللہ ، بی جے پی کے شیخ خالد جہانگیر ،راشٹریہ جن کرانتی پارٹی کے نذیر احمد لون ،جموں و کشمیر پیپلز کانفرنس کے عرفان رضا انصاری ،جے اینڈ کے نیشنل پینتھرس پارٹی کے عبدالرشید گنائی ، شیو سینا کے عبدالخالق بٹ ، جے اینڈ کے پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کے آغاسیّد محسن، مانو ادھیکار نیشنل پارٹی کے نذیر احمد صوفی ، جنتا دل یونائٹیڈ کے شوکت حسین خان کے علاوہ آزاد اُمید وار عبدالرشید بانڈے ، بلا ل سلطان اور سجاد احمد ڈار شامل ہیں۔اُمید وار 29؍ مارچ  2019ء کو3بجے تک اپنے نام واپس لے سکتے ہیں۔ اس حلقے کے لئے پولنگ 18؍ اپریل کو ہوگی اور ووٹنگ کے اوقات صبح 7بجے سے شام 6بجے تک مقرر کئے گئے ہیں۔