سری نگر// خان صاحب بڈگام کے ممتاز سماجی اور سیاسی کارکن مشتاق احمد لون سوموار کو پیپلز کانفرنس میں شامل ہوئے۔چیئرمین سجاد غنی لون نے اپنی رہائش گاہ پر پارٹی میں اُن کا استقبال کیا۔ اس موقع پر سینئرنائب صدر عبدالغنی وکیل بھی موجود تھے۔کے این ایس کے مطابق پیپلز کانفرنس کے ترجمان عدنان اشرف کی جانب سے جاری بیان میں کہاگیاکہ پارٹی چیئرمین سجاد لون نے مشتاق احمد لون کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز کانفرنس نوجوانوں کے جوش و خروش کے ساتھ ساتھ تجربے کو گھلنے ملنے کے خواہش مند ہے۔انہوں نے کہاکہ سیاسی جماعتوں کے لئے ضروری ہے کہ وہ مشتاق لون جیسے نوجوان رہنماؤں کو جگہ دیں۔سجادغنی لون کاکہناتھاکہ ہم نوجوانوں کو تیار کرنا چاہتے ہیں تاکہ وہ آنے والی دہائیوں میں جموں و کشمیر کی سیاست اور فلاح و بہبود میں اپنااہم کردار ،رول اور حصہ اداکرسکیں ۔پیپلز کانفرنس کے چیئرمین کاساتھ ہی کہناتھاکہ تین سال سے زیادہ عرصے سے جموں و کشمیر میںعوامی حکومت نہیں ہے،اسلئے یہ بہت ضروری ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں زمینی سطح پر لوگوں کے ساتھ اپنے رابطے کو برقرار رکھیں اوراسکو آگے بڑھائیں۔انہوں نے کہاکہ کشمیری عوام کیلئے تنہائی کوئی اچھی نہیں ہے۔سجادلون نے اس یقین کااظہارکیا کہ جموں و کشمیر میں موجودہ سیاسی تقسیم عارضی ہے۔ چیئرمین پیپلز کانفرنس نے کہاکہ ہم اپنے لوگوں کے ساتھ معاہدہ توڑنے کی عیاشی کے متحمل نہیں ہو سکتے۔ ساتھ ہی انہوں نے کہاکہ بلاشبہ ، جموں و کشمیر کی سیاست میں اتار چڑھاؤ آتے ہیں لیکن ہمیں جموں و کشمیر کے لوگوں سے جڑے رہ کر اپنے لوگوں اور اپنے مفادات کا خیال رکھنا ہوگا۔
موجودہ سیاسی تقسیم عارضی ہے: سجاد لون
