سرینگر//موجودہ حکومت نے اپنی تمام تر توجہ مخصوص کارپوریٹ گھرانوں و ہوٹلیئروں کو فائدہ پہنچانے اور اقرباپروری و اقربانوازی پر مرکوز کر رکھی ہے جبکہ عام آدمی کو حالات کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے۔ ان باتوں کا اظہار یوتھ نیشنل کانفرنس کے صوبائی صدر سلمان علی ساگر نے کل پارٹی ہیڈکوارٹر پر نوجوانوں کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کا ہر ایک فیصلہ کشمیر دشمن، عوام مخالف اور نوجوان کُش ثابت ہورہا ہے۔ پی ڈی پی نے الیکشن سے قبل نوجوانوں کو لبھانے کیلئے فریبی اور جھوٹے نعرے لگائے اور جب حکومت ہاتھ لگی تو نوجوان مخالف پالیسی اختیار کی۔ ایس آر او 442، ایس آر او 519،ایس آر او 502اور ایس آر او 521حکومت کی نوجوان مخالف پالیسی کے عکاس ہیں۔ نوجوانوں کے تئیں حکومت کے رویہ سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ حکمران کشمیری نوجوانوں کا مستقبل تاریک بنانے پر تُلے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جن لوگوں نے پی ڈی پی کو اپنا قیمتی ووٹ دیکر اقتدار دلوایا قلم دوات جماعت اُنہی کو فراموش کر بیٹھی ہے اور لوگوں کی فلاح و بہبود اور بنیادی ضروریات کی فراہمی یقینی بنانے کے بجائے حکمران ٹولہ مخصوص تجارتی گھرانوں اور ہوٹلیئروں کو فائدہ پہنچانے کی تگ و دو میں لگی ہوئی ہے۔نوکریوں کے فراہمی دھاندلیاں ہورہی ہیں اور مستحق نوجوانوں کا حق چھینا جارہاہے۔ اجلاس میں نائب صدر جہانگیر وانی، عثمان غنی، پبلسٹی سکریٹری عاشق حسین، جوائنٹ سکریٹری دانش بٹ، سوشل میڈیا انالسٹ محمد عرفان زہگیر، بلال دھر، سجاد میر، فدا حسین، ضلع صدور اور دیگر عہدیداران بھی موجو دتھے۔