کشتواڑ//موجودہ حالات کے لئے سابق مخلوط سرکار کی غلط کاریوں کو ذمہ دار قرار دیتے ہوئے سینئر نیشنل کانفرنس لیڈر سجاد کچلو ایم ایل سی نے کہا ہے کہ بی جے پی لوگوں کے ساتھ کئے گئے وعدوں پر عملدرآمد کرنے میں ناکام رہی جس کے نتیجہ میں پارٹی عوام میں اپنی ساکھ کھو بیٹھی ہے ۔ پاڈر کے متعدد دیہات کے دورہ کے دوران انہوں نے کہا کہ ہاڈر اور مڑواہ سب ڈویژن میں ترقیاتی عمل پوری طرح تعطل کا شکار ہو گیا ہے ، پچھلے چار برس کے دوران اس علاقہ میں کوئی بھی ترقیاتی منصوبہ ہاتھ میں نہیں لیا گیا ہے ۔ کچلو نے بی جے پی پر لوگوں کو تقسیم کرنے کے لئے جذباتی نعرے دینے کا الزام لگایا اور کہا کہ اب لوگ اس جماعت کی حقیقت سے بخوبی واقف ہو گئے ہیں اور اگلے انتخابات میں وہ زبانی جمع خرچ اور نفرت کی سیاست کرنے والی جماعتوں کو سبق سکھا دیں گی۔ انہوں نے کہا کہ غریب عوام کو صرف استحصالی نعرے لگا کر خوش نہیں کیا جا سکتا بلکہ انہیں زمینی سطح پر ٹھوس امداد چاہئے ہوتی ہے ۔راشن کارڈوں اور جاب کارڈوں سے لوگوں کے نام حذف کئے جانے کو ایک بھدا مذاق قرار دیتے ہوئے کچلو نے کہا کہ بی جے پی پی ڈی پی مخلوط سرکار کی غلط پالیسیوں کے نتیجہ میں آئندہ جنوری سے کھانڈ کی راشن سپلائی بند کی جا رہی ہے ۔ انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ سیاسی وابستگیوں کو بالائے طاق رکھ کر بی جے پی سے اس کے دور اقتدار کا حساب طلب کریں ۔ این سی لیڈر نے توقع ظاہر کی کہ کشتواڑ حلقہ بالخصوص پاڈر علاقہ کے لوگ بی جے پی کو اکھاڑ پھینکنے کے لئے متحد ہو کر ان کی پشت پر کھڑے ہو جائیں گے۔
3