موت کے 7دن بعد قبر کشائی

 تھنہ منڈی // تھنہ منڈی کے ہسپلوٹ ، چھڑونگ علاقے میں ہفتہ کے روز ایک شادی شدہ لڑکی کی لاش کو موت کے سات دن بعد قبر سے نکال کر پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ تبسم ناز دختر محمد حسین سکنہ ہسپلوٹ چھڑنگ کی شادی ایک برس قبل محمد فرید ولد محمد بشیر سکنہ پلانگڑھ سے ہوئی تھی۔ اہل خانہ نے بتایا کہ لڑکی کو 18 جولائی کو اسے جی ایم سی راجوری لے جایا گیا جہاں اس نے ایک بچی کو جنم دیا بعد میں اس کی حالت خراب ہو گئی اور اسے جی ایم سی جموں منتقل کیا گیا جہاں اس کی موت ہو گئی۔ لڑکی کے والد نے الزام لگایا کہ اس کے شوہر کے وحشیانہ فعل کی وجہ سے اس کی بیٹی کی موت واقع ہوئی ہے جو اسے مارتا پیٹتا تھا۔ انھوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ان کی بیٹی کو زہر دے کر مار دیا گیا ہے۔ لڑکی کی ماں نے الزام لگاتے ہوئے کہا کہ پتہ چلا ہے کہ سسرال والے جہیز کیلئے بھی ان کی بیٹی کو لگاتار پریشان کررہے تھے اور آج مبینہ طور پر اسے مار دیا گیا ہے۔ مزید تفتیش کیلئے 31 جولائی کو ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری راجیش کمار شاون کی ہدایت پر لاش کو قبر سے نکال کر پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دیا گیا۔ اس موقع پر آئی/سی ایس ڈی ایم تھنہ منڈی محمود ریاض خان ، ایس ڈی پی او تھنہ منڈی عبدالحمید اور ایس ایچ او تھنہ منڈی انسپکٹر فرید احمد چوہدری کے علاوہ ڈاکٹر جاوید کی نگرانی میں جی ایم سی راجوری کی ایک خصوصی میڈیکل ٹیم بھی موجود تھی۔