سرینگر//جنوبی کشمیر میں آرونی جھڑپ کے تناظر میں دوروز تک معطل رہنے کے بعد موبائیل فون اور ریل خدمات سنیچر کوبحال کردی گئیں۔7دسمبر بدھوار کو جب حسن پورہ آرونی بجبہاڑہ میں جنگجوﺅں اور سیکورٹی فورسز کے درمیان جھڑپ کا آغاز ہوا تو حکام نے اگلے روز ہی کولگام اور اننت ناگ اضلاع کے بیشتر علاقوں میں بی ایس این ایل کو چھوڑ کر تمام مواصلاتی کمپنیوں کی موبائیل اور انٹر نیٹ سہولیات منقطع کرنے کا ہنگامی اقدام اٹھایا۔اس دوران مختلف مقامات پر پر تشدد احتجاجی مظاہروں کے پیش نظر سرینگر اور بانہال کے درمیان ٹرین سروس بھی معطل کردی گئی۔جمعہ کو جھڑپ ختم ہونے کے بعد رات دیگر گئے دونوں اضلاع میں موبائیل اور انٹرنیٹ خدمات بحال کی گئیں جبکہ سنیچر کی صبح اندرون وادی ریل خدمات بھی مکمل طور بحال ہوگئیں اور ریل گاڑیوں نے معمول کے مطابق بانہال اور بارہمولہ کے درمیان سفر کیا۔ریلوے حکام نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ امن و قانون کی صورتحال میں بہتری اور ریلوے لائن کی ضروری مرمت کے بعد ریل خدمات بحال کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔