موبائل بینکنگ اور دیگر آن لائن سہولیات کی فراہمی

سرینگر// سٹیٹ بنک آف انڈیا کے منیجنگ ڈائریکٹر اونی کمار تیورای نے کہا کہ’ علاقائی دیہاتی بنک کی جانب سے موبائل بینکنگ اور دیگر آن لائن سہولیات کو جلد ہی صارفین تک پہنچانے کے لیے حکومت کے ساتھ بات چیت کر رہے ہیں۔علاقائی دیہاتی بینک کی برز لہ سرینگر میں اپنے ہیڈ آفس میں ایک اہم تقریب منعقد ہوئی جس میں بینک نے سٹیٹ بنک آف انڈیا کے اعلیٰ افسران کا خیرمقدم کیا اور انہیں بینک کے کام کے بارے میں آگاہ کیا۔پہلی بار بینک کا دورہ کرنے والے اعلیٰ عہدیداروں میں کارپوریٹ دفتر ممبئی کے منیجنگ ڈائریکٹر اشونی کماراور چیف جنرل منیجر مہر مشرا موجود تھے۔تقریب کے دوران، تمام برانچ منیجراور علاقائی دیہاتی بنک کے دیگر افسراں اس موقع پر موجود تھے۔ افسروں نے کہا کہ اس تقریب کا مقصد اعلی افسراں کا خیرمقدم کرنا اور انہیں جموں کشمیر کے مختلف علاقوں میں بنک کی جانب سے کارکردگی سے آگاہ کرنا تھا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے منیجنگ ڈائرکٹر اشونی کمار تیواری نے کہا کہ اسٹیٹ بینک آف انڈیا آنے والے وقت میں ہر طرح کی مدد فراہم کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ وہ کشمیر میں علاقائی دیہاتی بنک میں موبائل بینکنگ اور دیگر آن لائن سہولیات کو یقینی بنائیں گے جس کے نتیجے میں اس سے نہ صرف صارفین کو مدد ملے گی بلکہ اس بینک کے کاروبار کو فروغ ملے گا۔ان کا کہنا تھا’’ہم موبائل بینکنگ اور دیگر آن لائن سہولیات کو جلد ہی علاقائی دیہاتی بنک کی طرف سے صارفین تک پہنچانے کے لیے حکومت اور سٹیٹ بنک کے ساتھ بات چیت کر رہے ہیں اورہمیں امید ہے کہ مختصر مدت میں یہ سہولیات علاقائی دیہاتی بنک کے ساتھ دستیاب ہوں گی۔ ‘‘ تیواری کا مزید کہنا تھا’’میں جانتا ہوں کہ کشمیر کو خطہ، موسم، سیاسی مسئلہ، اور اب کویڈکے تناظر میں کافی پریشانی کا سامنا کرنا پڑا ہے لیکن اس بینک نے لچک دکھائی ہے اور مضبوطی سے سامنے آیا ہے۔ اوریہ ایک اچھی  اوربڑی نشانی ہے‘‘۔انہوں نے تاہم کہا ’’ ہمیں یہ بھی یاد رکھنا ہوگا کہ بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے اورہمیں امید ہے کہ کشمیر میں ہمارے علاقائی دیہاتی بنک دور دراز علاقوں میں کام کرتے رہیں گے اور ہمارے لوگوں کی مدد کریں گے ۔‘‘تقریب کے دوران علاقائی دیہاتی بنک کے چیئرمین ارشد الاسلام نے افسروں کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے کہا کہ 1979 میں کشمیر میں  علاقائی دیہاتی بنک کے قیام کے بعد سے، ان بینکوں نے اس شعبے میں بہت کچھ کیا ہے۔ان کا کہنا تھا’’ہمیں بے مثال چیلنجز کا سامنا کرنا پڑا اور بعض اوقات بینک کو بند کرنا پڑا۔‘‘ ارشد الاسلام نے کہا انہیںامید ہے کہ یہ دورہ بینک کے لیے فائدہ مند ہو گا۔چیف جنرل منیجر مہر مشرا، نے بینک کو درپیش چیلنجوں اور اس کے اچھے کردار پر بھی بات کی۔اس موقع پر بہت سے صارفین کو موقع پر ہی قرضے اور دیگر سکیمیں تقسیم کی گئیں۔ تقریب کے اختتام پر ای ڈی بی کے جنرل منیجر مشتاق احمد نے تقریب کو کامیاب بنانے پر تمام شرکا بالخصوص مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔