من کی بات | لوگ ہندوستانی نسل کے کتے پالیں :مودی

نئی دہلی// وزیر اعظم نریندر مودی نے لوگوں کو ملک کو ہر شعبے میں خود انحصار بنانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں کتوں کی ہندوستانی نسل کو پالنا چاہئے کیونکہ وہ اچھے اور قابل ہونے کے ساتھ ساتھ ہمارے ماحول میں آسانی سے ڈھل جاتے ہیں۔ریڈیو پر اپنے ماہانہ پروگرام من کی بات میںکہا کہ وہ ملک کی حفاظت کرتے ہوئے اپنا فرض بخوبی نبھا رہے ہیں۔ مسلح افواج کے کتوں کی بہادری کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ ہندوستانی نسل کے کتے بھی بہت اچھے اور قابل ہوتے ہیں۔ ان میں سے ، مدھول ہاؤنڈ اور ہماچلی ہاؤنڈ بہت اچھی نسلیں ہیں۔ راجہ پلایم ، کنی ، چیپی پرائی ، اور کومبائی بھی بہترین نسل ہیں۔ ان کو پالنے میں خرچ بھی کافی کم آتا ہے اور یہ ہندوستانی ماحول میں بھی ڈھلے ہوئے ہوتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملک کی سکیورٹی ایجنسیاں ہندوستانی نسل کے کتوں کو بھی اپنے سیکورٹی اسکواڈ میں شامل کررہی ہیں۔ آرمی ، سی آئی ایس ایف اور این ایس جی نے مدھول ہاؤنڈ کو ٹریننگ دی ہے اور اسکواڈ میں شامل کیا ہے ۔ سی آر پی ایف نے کومبائی کتا اپنایا ہے ۔