عظمیٰ نیوز ڈیسک
امپھال//منی پور میں تشدد ختم ہونے کا نام نہیں لے رہا ہے۔ ایک طرف جریبام میں امن قائم کرنے کے لیے میتئی اور ہمار طبقہ کے درمیان اتفاق رائے قائم ہوا ہے، دوسری طرف اس معاہدہ کے 24 گھنٹے بھی نہیں ہوئے ہیں اور جریبام میں فائرنگ و آگ زنی کا واقعہ پیش آیا ہے۔ یہاں ایک میتئی بستی میں گولیاں چلائی گئی ہیں، جبکہ لال پانی گاو?ں میں ایک گھر کو نذر آتش کر دیا گیا ہے۔قابل ذکر ہے کہ میتئی اور ہمار طبقہ کے نمائندے منی پور میں تشدد سے متاثرہ جریبام ضلع میں حالات بہتر کرنے اور امن بحالی کے لیے ساتھ مل کر کام کرنے پر متفق ہوئے تھے۔ آسام کے کچھار میں جمعرات کو سی آر پی ایف سہولت مرکز میں منعقد ایک میٹنگ میں آمنے سامنے کھڑے دونوں فریقین کے درمیان معاہدہ ہوا تھا۔ اس میں طے پایا کہ دونوں فریقین حالات معمول پر لانے، آگ زنی اور گولی باری کے واقعات کو روکنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔ دونوں فریقین جریبام ضلع میں تعینات سبھی سیکورٹی فورسز کی مدد کریں گے۔ سبھی شریک طبقات کے نمائندوں نے اس دوران وعدوں پر مشتمل بیان جاری کیا اور اس پر سبھی نے دستخط بھی کیے۔اس معاہدہ کے 24 گھنٹے کے اندر جریبام کے لال پانی گاو?ں میں تشدد کا واقعہ پیش آیا جس نے ایک بار پھر تشویش میں اضافہ کر دیا ہے۔ گاو?ں کے ایک گھر میں جمعہ کی شب مسلح افراد نے آگ لگا دی۔ ساتھ ہی گاو?ں کو نشانہ بنا کر کئی راو?نڈ گولے داغے گئے اور گولیاں بھی چلائیں۔ واقعہ کے بعد سیکورٹی فورسز کو علاقے میں بھیجا گیا ہے۔ افسران نے بتایا کہ شورش پسندوں نے آگ زنی کے لیے علاقے میں سیکورٹی خامیوں کا فائدہ اٹھایا۔ ان کی ابھی تک شناخت بھی نہیں ہوئی ہے۔