منی سیکریٹریٹ بارہمولہ بنیادی سہولیات سے محروم

بارہمولہ // بارہمولہ منی سیکریٹریٹ میں بنیادی سہولیات کے فقدان کی وجہ سے ملازمین اور عوام کو شخت مشکلات درپیش ہیں ۔مقامی لوگوں کے مطابق اس عمارت میں کئی دفاتر قائم کئے گئے ہیں جن میں محکمہ تعلیم ، یوتھ سروس اینڈ اسپورٹس اور دیگر کئی دفاتر موجود ہیں لیکن ستم ظریفی یہ ہے کہ یہاں جگہ کی کمی ،بیت الخلا کی عدم دستیابی اور خستہ حال عمارت جیسے معاملات درپیش ہیں ۔منی سیکریٹریٹ کے آس پاس گندگی اور غلاظت کے ڈھیر جمع ہوگئے ہیں ۔یہاں تعینات ایک ملازم نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ اس عمارت کی حالت اس قدر تباہ ہے کہ دن میں بھی جب بجلی نہیں ہو تی تو پورے دفتر میں اندھیرا چھا جاتا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ جگہ کی کمی کی وجہ سے ایک ایک کمرے میں پانچ کلرکوں کو بیٹھنا پڑتا ہے اور جب کوئی سائل آجاتا ہے تو اُس کیلئے جگہ موجود نہیں ہوتی ۔انہوں نے کہا کہ عمارت میں سبھی لائٹس بیکارہیں اور لوگوں کو موبائل فونوں کا سہارا لینا پڑتا ہے۔