منہ بولی بہن قمر محسن نے وزیراعظم کو راکھی باندھی

نئی دہلی//رکشا بندھن کے موقع پر آج وزیراعظم نریندر مودی کو ان کی منہ بولی بہن قمر جہاں محسن شیخ نے راکھی باندھی اور ان کی صحت اور لمبی عمر کی تمنا کی۔ شیخ صبح وزیراعظم کی رہائش گاہ سات لوک کلیان مارگ پہنچیں اور رسوم کے مطابق وزیراعظم کو راکھی باندھی۔ راکھی باندھے کے بعد انہوں نے صحافیوں کو بتایا کہ وہ مودی کو اس وقت سے جانتی ہیں جب وہ مہاراشٹر سویم سیوک سنگھ کے رکن تھے ۔ وہ گزشتہ 24 برسوں سے مودی کو راکھی باندھ رہی ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں شیخ نے کہا کہ مسٹر مودی کافی مصروف ہوگئے ہیں جس کے سبب ان کے پاس وقت کی کمی ہے ۔ اس کے علاوہ سب کچھ پہلے جیسا ہی ہے ۔ رکشا بندھن کے موقع پر مودی کو بچوں، طالبات اور کئی خواتین نے بھی راکھی باندھی۔ وزیر خارجہ سشما سوراج نے نائب صدر جمہوریہ ایم وینکیا نائیڈو کو راکھی باندھی۔ سوراج نائب صدر جمہوریہ کی رہائش گاہ پہنچیں اور صدر نائیڈو کو تلک لگاکر راکھی باندھی۔ صدر رام ناتھ کووند کو راکھی باندھنے کے لئے کئی اسکولی بچے اور سماجی تنظیموں کے نمائندے راشٹرپتی بھون پہنچے ۔