منگوٹ میں مسافر شیڈ کا حال بے حال

نوشہرہ //نوشہرہ کے سرحدی گاؤں منگوٹ میں میٹاڈور اسٹینڈ پر انتظامیہ کی جانب سے بنایا گیا مسافر شیڈخستہ حال ہوتاجارہا ہے جس کی وجہ سیخراب موسم اور دھوپ میں مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔مکینوں نے بتایا کہ انتظامیہ کی جانب سے مسافروں کی سہولیت کیلئے بنائے گئے شیڈ کے ارد گرد مٹی کے ڈھیر جمع ہوئے ہیں لیکن متعلقہ شعبہ کی جانب اس طرف کوئی دھیان ہی نہیں دیاجارہا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ شیڈ کے نا قابل استعمال ہونے کے سلسلہ میں کئی مرتبہ متعلقہ حکام سے بھی رجوع کیا گیا لیکن ابھی تک کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا جارہا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ شیڈ کے نزدیک گندگی او ر مٹی کے ڈھیروں کیساتھ ساتھ ڈھانچہ بھی خستہ حال ہو نا شروع ہو گیا ہے ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ شیڈ کی مرمت اور اس کو قابل استعمال بنانے کیلئے متعلقہ حکام کو ہدایت جاری کی جائیں ۔
 
 
 

مینڈھر قصبہ کی سڑکیں کھڈوں میں تبدیل 

جاوید اقبال 
مینڈھر //مینڈھر قصبہ کی سڑکیں خراب ہونے کی وجہ سے اب بارشوں کا پانی کئی دنوں تک جمع رہتا ہے جو کہ عام لوگوں کیساتھ ساتھ تاجروں کیلئے بھی پریشانی کا باعث بن گیا ہے ۔تاجروں نے محکمہ دیہی ترقی اور مقامی انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ جہاں مینڈھر قصبہ کا نکاسی نظام ابھی تک ٹھیک نہیں کیا گیا ہے وہائیں سڑکیں کھڈوں میں تبدیل ہو گئی ہیں ۔تاجروں نے بتایا کہ قصبہ کی گندگی نالیوں میں جمع ہونے کی وجہ سے نکاسی نظام انتہائی خستہ حال ہے جس کی وجہ سے بارشوں کے دوران نالیوں کا پانی سڑکوں پر آجاتا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ سڑک کھڈوں میں تبدیل ہو گئی ہیں جس کی وجہ سے بارشوں کا پانی کھڈوں میں کئی دنوں تک جمع رہتا ہے ۔تاجروں و مکینوں نے الزام عائدکرتے ہوئے کہاکہ مقامی انتظامیہ کے اعلیٰ آفیسران نے سڑک کی مرمت کیلئے رجوع کرنے کے باوجود کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا گیا ہے ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ قصبہ کی سڑکوں کی حالت کو معیاری بنایا جائے تاکہ عام راہگیروں و مکینوں کیساتھ ساتھ ٹرانسپورٹروں کی مشکلات کم ہو سکیں ۔