پونچھ// ضلع پونچھ کے صدر مقام سے چند کلو میٹر کی دوری پر واقع منگناڑ گائوں کی عوام بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔گائو ں میں جہا ں لوگوں کو پانی اور بجلی کی قلت کا سامنا ہے وہیں علاقہ میں مواصلاتی نظام صحیح نہ ہونے کی وجہ سے بھی لوگ پریشان ہیں۔ اس حوالے سے بات کرتے ہوئے ایک مقامی شخص چوہدری شبیر حسین ڈوئی نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ ترقی یافتہ دور میں بھی وہ لوگ قدیم طرز کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔انہوں نے کہا کہ پورے گائوں میں موبائل پر اگر کبھی کسی سے ضروری بات کرنی ہوتو مشکل ہو جاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر چہ کچھ ایک مقامات پر موبائل پر معمولی سا ٹاور آبھی جاتا ہے تو وہاں بھی چھت پر چڑھ کر بات کرنی پڑتی ہے لیکن مکمل بات سمجھ نہیں آتی۔انہوں نے کہا کہ گائوں کے محلہ کلساں لور اور کلساں اپر جن کی آبادی ڈھائی ہزار سے بھی زیادہ ہے وہاں موبائل نیٹ ورک بالکل ہی نہیں آتا ۔مقامی لوگوں کے مطابق وہ اس حوالے سے وہ ایس ڈی ایم سے بارہا اپیل کر چکے ہیں کہ وہ وہاں نئے ٹاور لگوائیں تاکہ ان کو یہ سہولت فراہم ہو لیکن وہ یقین دہانی کے سوا کچھ نہیں کرتے ۔انہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ محمد ہارون ملک سے اپیل کی کہ وہ اس حوالے سے متعلقہ افسران کو ہدایت کریں تاکہ وہ اس علاقہ کی عوام کو اس ضروری سہولت سے مستفیدکریں۔خواجہ خادم حسین حیاتپوری نے بتایا کہ موبائل سروس اس دور میں کتنی اہم ہے اس سے کون واقف نہیں لیکن ان کو اس سہولت سے بھی محروم رکھا جا رہا ہے۔انہوں نے بھی ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ محمد ہارون ملک سے اپیل کی کہ منگناڑ میں نئے ٹاور نصب کروائے جائیں ۔