منگل کو 146افراد کی قرنطینہ مدت مکمل، گھرروانہ

سرینگر // منگل کوکشمیر کے مختلف اضلاع میں انتظامی قرنطینہ کی 14دنوں کی مدت مکمل کرنے والے146افراد کو گھر بھیج دیا گیا ۔ انتظامی قرنطینہ مکمل کرنے والے افراد میں سرینگر کے 34، اونتی پورہ کے 80 اور شاہکوٹ اوڑی کے 32افراد شامل ہیں۔ منگل کو سرینگر کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے 34افرادقرنطینہ مدت مکمل کرنے کے بعد گھر روانہ ہوئے ۔ ایک نوجوان نے بتایا کہ ہوٹلوں میں قرنطینہ کیلئے بہترین انتظامات کئے گئے تھے اور انتظامی قرنطینہ مکمل کرنے سے نہ صرف گھروالوں کو خوشی ہوئی ہے بلکہ وہ بھی کافی خوش ہوئے ہیں۔ قرنطینہ مدت مکمل کرنے والے نوجوانوں نے ضلع انتظامیہ سرینگر کا بھی شکریہ ادا کیا ۔ ادھر اسلامک یونیورسٹی اونتی میں قائم قرنطین مرکز سے80افراد کو14دن کا وقت پورا کرنے کے بعد گھر روانہ کیا گیا۔ان سبھی افراد کو گھروں تک ٹرانسپورٹ مہیا کیا گیا۔ شاہکوٹ اوڑی میں قائم قرنطینہ مرکز میں بھی منگل کو 32افراد کو مدت مکمل کرنے کے بعد گھر روانہ کردیا گیا۔ اس موقع پرایس ڈی ایم اوڑی ریاض احمد ملک نے لوگوں نے اپیل کی کہ وہ سفری تفاصیل کسی بھی صورت میں نہ چھپائیں‘‘۔