منگل کو سالانہ فٹبال ٹورنامنٹ کے 5میچ کھیلے گئے

سرینگر//جموں کشمیر فٹبال ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام سالانہ فٹبال ٹورنامنٹ میں ٹی آر سی گرائونڈ میں دو میچ کھیلے گئے جبکہ پولو گرائونڈ میں تین میچ منعقد کئے گئے۔ٹی آر سی گرائونڈ میں پہلا میچ البلال فٹبال کلب اور ینگ اقبال فٹبال کلب کے درمیان کھیلا گیا جس میں دونوں ٹیموں نے ایک ایک گول کرکے میچ برابری پر ختم کیا۔ دوسرا میچ ناولٹی فٹبال کلب اور سٹیٹ فٹبال اکیڈمی کے درمیان کھیلا گیا جس میں میچ کے پہلے حصے کے دس منٹ میں شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے ناولٹی فٹبال کلب کی مضبوط دیوار کو پار کرتے ہوئے گیند کو پاس کرتے ہوئے آگے بڑھتے ہوئے گول پوسٹ کی جانب پہنچ گئے جہاں توصیف احمد نے کوئی بھی غلطی نہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کے لئے پہلا گول کردیا۔ میچ کے دوسرے حصے میں اگرچہ ناولٹی فٹبال کلب نے سبقت حاصل کرنے کی بھرپور کوشش کی لیکن کامیابی حاصل کرنے میں ناکام رہے جبکہ میچ کے آخری مرحلے میں سٹیٹ فٹبال اکیڈمی کے سہیل احمد نے دوسرا گول کرکے اپنی ٹیم کو دو گول سے جیت دلادی۔ ادھر پولو گراونڈ میں تین میچ کھیلے گئے جس میں پہلا میچ یونایئڈڈ فٹبال کلب ایچ ایم ٹی اور علی جانہ فٹبال کلب کے درمیان کھیلا گیا جس یونائیڈڈ فٹبال کلب ایچ ایم ٹی نے علی جانہ فٹبال کلب کو دو کے مقابلے میں تین گول سے شکست دی، دوسرا میچ ویلی فٹبال کلب پالپورہ اور حضرت بل فٹبال کلب کے درمیان کھیلا گیا جس میں ویلی فٹبال کلب نے ایک کے مقابلے میں پانچ گول سے جیت درج کرلی،تیسرا میچ کورٹ روڑ فٹبال کلب اور سٹیٹ فٹبال کلب بلیو کے درمیان کھیلا گیا جس میں دونوں ٹیموں نے دو دو گول کرکے میچ برابری پر ختم کیا۔