منجا کوٹ //منجاکوٹ تحصیل کے سرحدی علاقوں کو آپسی میں جوڑنے والی منگلناڑ ڈینسرگلی تا دھا ر گلی رابطہ سڑک گزشتہ کئی برسوں سے مکمل ہی نہیں ہو سکی جس کی وجہ سے ایک وسیع سرحدی علاقہ کی عوام کو دوران آمد ورفت شدید مشکلات درپیش ہیں ۔مکینوں نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے سرحدی علاقوں کو دیگر علاقوں کے ساتھ جوڑنے کیلئے سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کیاجارہا ہے جسکی وجہ سے سرحدی علاقوں کے مقامی لوگوں مشکل حالت میں بھی کئی کلو میٹر کا سفر پیدل طے کر نے پر مجبور ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ رابطہ سڑک کی تعمیر کا عمل 10برس قبل محکمہ پی ڈبلیو ڈی کی جانب سے شروع کیا گیا تھا لیکن محکمہ کی نا اہلی کی وجہ سے 4سرحدی پنچایتوں کی عوام کو مصیبت کا سامنا ہے ۔مقامی پنچایتی اراکین نے بتایا کہ محکمہ نے صرف زمین کی کٹائی کے بعد پروجیکٹ کو مکمل کرنے میں کوئی دلچسپی ہی ظاہر نہیں کی جس کی وجہ سے جہاں عام لوگوں کی نقل و حرکت گزشتہ کئی برسوں سے متاثر ہے وہائیں بارش کی وجہ سے سڑک کا پانی لوگوں کے گھروں و زرعی زمینوں میں داخل ہو جاتا ہے ۔غور طلب ہے کہ سڑک کے مکمل نہ ہونے کی وجہ سے 4بڑی سرحدی پنچایتوں کی 10ہزار سے زائد کی آبادی اس جدید دور میں بھی مشکلات کا سامنا کرنے پر مجبور ہے ۔مقامی لوگوں نے جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر سے مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ محکمہ پی ڈبلیو ڈی کو ہدایت جاری کی جائیں تاکہ سڑک کو جلدازجلد مکمل کر نے مکینوں کیلئے سہولیات دستیاب کی جاسکیں ۔
منگلناڑ ۔دھار گلی رابطہ سڑک انتہائی خستہ حال
