منکوٹ میں مواصلاتی سروس ناکارہ

جاوید اقبال
مینڈھر //سب ڈویژن مینڈھر کی سرحدی تحصیل منکوٹ کے اکثر دیہات میں مواصلاتی نظام انتہائی غیر معیاری ہونے کی وجہ سے صارفین کو شدید مشکلات درپیش ہیں ۔صارفین نے مواصلاتی کمپنی پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ تحصیل کے ساگرہ ،بلنوئی ودیگر ملحقہ علاقوں میں معیاری سروس ہی فراہم نہیں کی جارہی ہے جس کی وجہ سے جہاں عام لوگ متاثر ہیں وہائیں بچوں کی تعلیم بھی متاثر ہو رہی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ مذکورہ علاقہ میں ایک موبائل ٹاور بھی نصب کیا گیا ہے لیکن اس کا رینج کم کردیا گیا ہے جس کی وجہ سے ایک وسیع علاقہ میں سروس نے بحرانی صورتحال اختیار کرلی ہے ۔غور طلب ہے کہ کووڈ کی آمد کے بعد موبائل فون کا استعمال بچوں کی جانب سے بڑے پیمانے پر پڑھائی کیلئے کیا جارہاہے لیکن مذکورہ دیہات میں مواصلاتی سروس انتہائی غیر معیاری ہونے کی وجہ سے اب صارفین بالخصوص کالجوں اور سکولوں میں زیر تعلیم بچوں کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا ہے ۔صارفین نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ مواصلاتی کمپنیوں کو ہدایت جاری کی جائیں کہ تحصیل منکوٹ کے مذکورہ دیہات میں معیاری سروس فراہم کی جائے ۔