منکوٹ تحصیل میں درجن سے زائد واٹر سپلائی سکیمیں بند

مینڈھر //مینڈھر سب ڈویژن کی تحصیل منکوٹ کی 17پنچایتوں میں ایک درجن سے زائد واٹر سپلائی سکیمیں بند ہونے کی وجہ سے عام لوگوں کو پینے کے صاف پانی کی شدید قلت کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ سرحدی تحصیل ہونے کی وجہ سے پانی کیساتھ ساتھ دیگر بنیادی سہولیات بھی میسر نہیں ہیں جبکہ تحصیل کی کئی ایک پنچائتیں ایسی ہیں جن میں سڑکیں تعمیر ہی نہیں کی جاسکیں جس کی وجہ سے عام لوگوں کو کئی کلو میٹر کی پیدل مسافت طے کر کے سڑکوں تک پہنچانا پڑتا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ سڑکوں کی عدم دستیابی کی وجہ سے مریضوں کیساتھ ساتھ حاملہ خواتین کو بھی ہسپتال میں منتقل کرنے میں وقت لگاتا ہے ۔لوگوں نے بتایا کہ کئی پنچایتوں میں واٹر سپلائی سکیمیں حالیہ کئی عرصہ سے بند ہیں جبکہ کئی جگہوں پر موٹریں و دیگر مشینری میں آئے خلل کو دور ہی نہیں کیاجارہا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ کے تحصیل کی کئی ایک پنچائتیں حد متارکہ کے قریب آباد ہیں جبکہ مذکورہ پنچایتوں میں تعلیمی نظام خستہ حال ہونے کیساتھ ساتھ معیاری طبی سہولیات بھی میسر نہیں ہیں جس کی وجہ سے عام لوگ پسماندہ طرز کی زندگی بسر کرنے پر مجبور ہیں ۔مکینوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ سرحدی تحصیل میں پانی کی دستیاب کیساتھ ساتھ دیگر بنیادی سہولیات بھی میسر کی جائیں تاکہ عام لوگوں کی مشکلات کم ہو سکیں ۔