منکوٹیا کی پینتھرز پارٹی کو حمایت کرنے کی اپیل

اودہمپور//پینتھرز پارٹی کے امیدواروں کی حمایت کرنے کی اپیل کرتے ہوئے این پی پی کے سابقہ ایم ایل اے و این پی پی کے صدر بلونت سنگھ منکوٹیا نے کہا ہے کہ لوگ اب بدلائو چاہتے ہیں ،جس کی وجہ سے پینتھرز پارٹی کو مکمل حمایت حاصل ہو رہی ہے۔بی جے پی کی تنقید کرتے ہوئے منکوٹیا نے موجودہ ایم پی کو انکی ناکامیوں پر نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ جتیندر سنگھ عوام کو مودی کے نام پر بیوقوف بنا رہے ہیں لیکن بذات خود عوام کے مشکلات حل کرنے میں ناکام رہے ہیں۔منکوٹیا نے کہا کہ پچھلی مرتبہ بھی بی جے پی نے لوگوں کو بے وقوف بنایا اور اب کی بار لوگ ان کی چالوں سے باخبر ہیں اور اس لیڈر کو نہیں چاہتے ہیں ،جو ان کے مسائل حل کرنے میں ناکام رہے ہیں۔موضع سدل میں 2014 میں آئی ناگہانی آفت ، جس میں 40 لوگ زندہ دفن ہوگئے تھے اور ابھی بھی دو نعشوں کا کوئی اتہ پتہ نہیں ہے، کی یاد دلاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جتیندر سنگھ نے موضع سدل کو اپنا یا تھا لیکن آج وہ اپنے لفظ سے انکارکر رہے ہیں، جس سے یہ عیاں ہے کہ وہ ووٹ حاصل کرنے کے لئے انتخابات کے دوران لوگوں کو بیوقوف بنا رہے ہیں۔منکوٹیا نے اس دوران ہرش دیو کی حصولیابیوں کو اجا گر کیا اور کہا کہ انہوں نے بطور وزیر تعلیم بہت سی ایسی مثالیں قائم کر دی ہیں،جس دوران انہوں نے ہزاروں بیروزگاروں کو روز گار دلایا ۔ انہوں نے کہا ہرش دیو اودہمپور۔کٹھوعہ ۔ڈوڈہ پارلیمانی حلقہ کے لئے بہترین امید وار ہے جسے لوگوں کی کافی حمایت حاصل ہے۔منکوٹیا نے پارٹی کارکنوں کو متحد ہو کر پیتنھرز امیدوار کو کامیاب بنانے کی اپیل کی۔