منڈی ہسپتال کی تعمیر کا عمل 2برسوں سے نامکمل | فنڈز کی قلت سے تعمیر ات آگے نہ بڑھ سکی :حکام

منڈی//ضلع پونچھ کی تحصیل منڈی کے سب ضلع ہسپتال کی تعمیر کا کام گزشتہ دو برس سے بند پڑا ہو ہے جس کی وجہ سے ہسپتال میں ڈاکٹروں اور مریضوں کو کافی مشکلات کا سامناکرنا پڑ رہا ہے۔سب ضلع ہسپتال منڈی کی ایمرجنسی بلاک کی تعمیر کا کام محکمہ تعمیرات عامہ کی جانب سے لگایا گیا تھا جس کے پہلے چھت کا لینٹر پڑ گیا تھا لیکن گزشتہ دو برس سے ہسپتال کی تعمیر کا کام التوا کا شکار ہو گیا ہے وہیں پر عام لوگوں کے ساتھ ساتھ ڈاکٹروں اور مریضوں کو عمارت میں جگہ کی کمی کی وجہ سے کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ منڈی تحصیل کے متعدد ذی شعور لوگوں نے اس سلسلہ میں کیں بار متعلقہ محکمہ کے آفسران سے بھی اپیل کی کہ وہ ہسپتال کے ایمرجنسی بلاک کی تعمیر جلد مکمل کریںلیکن ابھی تک کوئی قدم نہیں اٹھایا گیا ہے ۔سرپنچ منڈی مبشر بانڈے نے بتایا کہ گزشتہ دو برس سے ایمرجنسی بلاک کی تعمیر کا کام رکا پڑا ہوا ہے۔ ان کا کہنا تھا اگر چہ کچھ ہی سالوں قبل ہسپتال کی تعمیر نئے طرز پر کی گئی مگر ہسپتال میں جگہ کم ہونے کی وجہ سے مریضوں کے ساتھ ساتھ ڈاکٹروں کو بھی بیماروں کا معاینہ کرنے میں کافی ہریشانی کا سامنا رہتا ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے متعدد بار ضلع ترقیاتی کمشنر اور محکمہ تعمیراتِ عامہ کے آفسران کے نوٹس میں بھی لایاگیا مگر ابھی تک عمارت کا دوبارہ تعمیری کام شروع نہیں کیا گیا ادھر محکمہ تعمیراتِ عامہ کے اسسٹنٹ ایگز یکٹو انجینئر نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ رقومات نہ ہونے کی وجہ سے عمارت کا تعمیری کام رکا پڑا ہوا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ متعلقہ ٹھیکید ار کا محکمہ کی طرف 57لاکھ روپے بقایا ہیں جس میں سے محکمہ نے صرف تیس لاکھ روپیہ واگزار کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں امید ہے کہ سرکار کی جانب سے بہت جلد مزید رقومات واگزار کی جائیں گی اور بہت جلد ایک مرتبہ پھر ایمرجنسی بلاک کا تعمیری کام شروع کیا جائے گا ۔