منڈی ہسپتال میں ماہر اطفال اور بیہوشی کا ڈاکٹر تعینات نہیں | 1لاکھ سے زائد آبادی کو دقتوں کا سامنا ،محکمہ صحت سے توجہ کی اپیل

منڈی// سب ضلع ہسپتال منڈی میں ماہر اطفال ڈاکٹر سرجن اور بیہوش کاڈاکٹر نہ ہونے کی وجہ سے عوام کی مشکلات میں دن بدن اضافہ ہوتا جارہا ہے ۔ضلع پونچھ کی تحصیل منڈی کے سب ضلع ہسپتال پرایک لاکھ سے زائدآبادی کا انحصار ہے لیکن ہسپتال میں حکام کی جانب سے ماہر اطفال سرجن ااور بیہوشی کا ڈاکٹر ہی تعینات نہیں کیا گیا ہے جس کی وجہ سے لوگوں کو دیگر ہسپتالوں کا رخ کرنا پڑرہا ہے ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ ہسپتال میں سرجن اور بیہوشی کا ڈاکٹر نہ ہونے کی وجہ سے ہسپتال کا آپریشن تھیٹر بھی تالا بند ہے ۔انہوں نے کہاکہ ایک لاکھ سے زائد آبادی پر مشتمل علاقہ کے لوگوں کو علاج و معالجے کیلئے ضلع ہسپتال پونچھ یا ضلع کے بیرونی ہسپتالوں کا رخ کرنا پڑتا ہے جو کہ غریب عوام کیلئے مشکلات کا سبب بنا ہوا ہے۔ سرپنچ منڈی مبشر حسین بانڈے نے بتایا کہ ڈاکٹرز نہ ہونے کی وجہ سے عوام کو سخت مشکلات کا سامناکرنا پڑتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سرکار کو چاہے کہ جب تک منڈی ہسپتال میں ڈاکٹروں کی تعیناتی عمل میں لائی جاتی تب تک ضلع ہسپتال پونچھ اور سرنکوٹ ہسپتال سے دو دو دن کیلئے مذکورہ ڈاکٹروں کو منڈی ہسپتال کی اضافی خدمات سونپی جائیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر چہ ہسپتال میں باقی کام بہتر چل رہا ہے مگر ڈاکٹر نہ ہونے کی وجہ سے آپریشن تھیٹر گزشتہ کافی عرصہ سے تالا بند ہے ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ وہ اپنے معصوم بچوں کو طبی معائینہ کیلئے منڈی کے بجائے دیگر ہسپتالوں میں لے کرنے پر مجبور ہیں ۔مقامی لوگوں نے جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ ہسپتال میں ڈاکٹروں کی تعیناتی عمل میں لائی جائے تاکہ غریب عوام کو علاقہ میں بھی بہتر طبی سہولیات مل سکیں ۔