منڈی کی رابطہ سڑکیں عوام کیلئے درد سر بن گئی | مرمت نہ ہونے سے حادثات میں اضافہ

منڈی//سرحدی ضلع پونچھ کی تحصیل منڈی میں سڑکوں کی تباہ حالی سے دن بہ دن سڑک حادثات میںاضافہ ہو رہا ہے جس کی وجہ سے عوامی جانوں کو بھی خطرہ لائق رہتا ہے۔مقامی لوگو ں و ڈرائیوروں نے بتایا کہ تحصیل کی رابطہ سڑکیں انتہائی خستہ ہو گئی ہیں جس کی وجہ سے ہمیشہ حادثات کا خدشہ رہتا ہے ۔غور طلب ہے کہ دو روز قبل ساوجیاں سے منڈی کی طرف آ رہی ایک مسافر بس بیدار کے مقام پر سڑک کی غیر معیاری حالت کی وجہ سے حادثے کا شکار ہوتے ہوئے بچ گئی تھی ۔پیر کو منڈی سے پونچھ کی طرف جانے والی ایک مسافر گاڑی کو کھڑی کے مقام پر بڑا حادثے کا شکارہ ہوتے بچ گئی ۔ اس گاڑی میں بھی بیس سے پچیس مسافر سوار تھے لیکن وہ محفوظ رہے ۔منڈی تحصیل میں متعدد سڑکیں ایسی بھی ہیں جن کے کناروں پر کیبل بچھانے کا کام چلایا جا رہا ہے جس کی وجہ سے دونوں اطراف سے آنے جانے والی گاڑیوں کو گزرنے میں کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور اسی وجہ سے سڑک حادثات ہونے کا بھی خطرہ لاحق رہتا ہے۔ ان سڑکوں پر روزانہ سفر کرنے والے لوگوں کے مطابق وہ اپنی جان کو ہتھیلی پر رکھ کر سفر کرتے ہیں۔پیر کو پیش آنے والے حادثے کے سلسلہ میں بولتے ہوئے محمد الطاف نامی ایک مقامی شخص نے بتایا کہ سڑک کی بدحالی اور سڑک پر کیبل بچھانے کی وجہ سے ان کی گاڑی ایک بہت بڑے حادثے سے بچ گئی ۔ان کا کہنا تھا کہ گاڑی میں بیس سے زائد مسافر سوار تھے۔مکینوں نے تعمیر اتی ایجنسیوں و مقامی انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ رابطہ سڑکوں کو بہتر بنانے کیلئے دھیان ہی نہیں دیاجارہاہے جس کی وجہ سے مسافروں و ٹرانسپورٹروں کی مشکلات بڑھ گئی ہیں ۔انہوں نے انتظامیہ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ رابطہ سڑکوں کی حالت کو بہتر بنانے کیلئے متعلقہ تعمیر اتی ایجنسیوں کو ہدایت جاری کی جائیں ۔