منڈی چھیلہ ڈھانگری کے ہائی سکول میں عملے کی قلت

عشرت حسین بٹ
منڈی//تحصیل منڈی کے چھیلہ ڈھانگری علاقہ میں سرکار کی جانب سے دہائیوں قبل قائم کردہ ہائی سکول میں عملے کی قلت کی وجہ سے سکول میں زیر تعلیم بچوں کے والدین نے سکول کو تالا بند کر کے انتظامیہ کے خلاف جم کر احتجاج کیا۔ہائی سکول چھیلہ ڈانگری جو کے ساتھرہ تعلیمی زون کے تحت پڑتا ہے میں اساتذہ اور دیگر عملے کی قلت کی وجہ سے سکول میں زیر تعلیم طلباء و طالبات کی تعلیم کافی حد تک متاثر ہو رہی ہے۔سکول میں 150 سے زائد طلباء و طالبات زیر تعلیم ہیں اور انہیں پڑھانے کیلئے سرکار کی جانب سے محض 4ٹیچر تعینات کئے گئے ہیں جبکہ سکول میں ہیڈ ماسٹر سمیت چودہ اساتذہ کی اسامیاں گزشتہ کئی برسوں سے خالی پڑی ہیں۔ منگل کو اسی سلسلہ میں بچوں کے والدین نے سکول کو تالا بند کر کے سرکار اور انتظامیہ کے خلاف احتجاج کیا ۔احتجاج کررہے والدین نے اس موقعہ پربتایا کہ انہوں نے متعدد بار اساتذہ کی قلت کے حوالے سے متعلقہ محکمہ کے آفسران کو بتایا مگر آج تک سکول میں سرکار کی جانب سے نہ اساتذہ اور نہ ہیڈ ماسٹر کو تعینات کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اساتذہ کی کمی کی وجہ سے ان کے بچوں کی تعلیم متاثر ہو رہی ہے۔ احتجاج کر رہے ایک والد نے بتایا کہ وہ غریب طبقہ سے تعلق رکھتے ہیں اور وہ بیرونِ ریاست جا کر محنت مزدوری کر کے اپنے بچوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرتے ہیں مگر سکول میں اساتذہ کی قلت کی وجہ سے ان کے بچے تعلیم حاصل نہیں کر سکتے ۔والدین نے انتظامیہ کو انتباہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ایک ہفتہ کے اندر سکول میں اساتذہ کی تعیناتی عمل میں نہیں لائی گئی تو وہ منڈی صدر مقام پر احتجاج شروع کر دیا جائے گا ۔