منڈی میں کھیل کا میدان تعمیر ہی نہ ہو سکا

منڈی//پونچھ کی تحصیل منڈی میں بہترین صلاحیتوں کے حامل کھلاڑیوں کیلئے ابھی تک کھیل کا کوئی میدان تعمیر ہی نہیں کیا گیا ہے جس کی وجہ سے کھیلوں میں دلچسپی رکھنے والے نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد کھیتوں اور نا ہموار جگہوں پر کھیلنے پر مجبور ہیں ۔نوجوانوں نے بتایا کہ وہ مختلف کھیلوں کیلئے ناہموار جگہوں ،کھیتوں اور پارکوں کا رخ کرنے پر مجبور ہیںلیکن نہ ہی سرکار اور نہ ہی محکمہ کھیل کود کی طرف سے اس معاملے میں کوئی سنجیدہ اقدام اٹھائے جا رہے ہیں ۔اگر دیکھا جائے تو منڈی تحصیل کے بچوں میں کھیل کود کے حوالے سے صلاحیتوں کی کوئی کمی نہیں ہے مگر کھیلوںکیلئے تحصیل میں ایک میدان کا نہ ہونا ان کیلئے بڑا معاملہ ہے۔ منڈی کے ایک کرکٹر میثم علی کے مطابق اسے بچپن سے ہی کرکٹ کھلنے کا شوق ہے اور وہ عالمی شہرت یافتہ کرکٹ کھیلنے والے کھلاڑیوں سے کافی متاثر ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنی پڑھائی کے ساتھ ساتھ کرکٹ بھی کھیلتے ہیں مگر منڈی تحصیل میں کھیل کا میدان نہ ہونے کی وجہ سے انہیں ہفتہ میں چار دن پونچھ قصبہ جانا پڑتا ہے اور وہ وہاں کے گرونڈ میں کرکٹ کھیلنے پر مجبور ہیں ۔ان کا کہنا تھا کہ منڈی تحصیل میں اگر چہ کھیل کے میدان کیلئے جگہیں بھی ہیں مگر انتظامیہ کی جانب سے اس طرف کوئی بھی توجہ نہیں دی جا رہی ہے جس کی وجہ سے یہاں کے نوجوانوں کو لوگوں کے کھیتوں میں یا پھر پارک میں کھیلنا پڑتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تحصیل کے باصلاحیت بچوں کیلئے کھیل کا میدان ہونا ضروری ہے جس کی وجہ سے وہ اپنی صحت کے ساتھ ساتھ مختلف کھیلوں میں حصہ لے سکیں ۔محمد کاشف نامی ایک اور کرکٹر نے کہا کہ وہ ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ اور ایل جی انتظامیہ سے اپیل کرتے ہیں کہ منڈی تحصیل کے نوجوانوں کیلئے کھیلوں کا ایک میدان تعمیرات کروایا جائے ۔