منڈی میں ضلع انتظامیہ کا عوامی کیمپ

 منڈی//لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ کی جانب سے جموں و کشمیر میں ہر بدھ تحصیل سطح پر عوامی شکایات کی سنوائی کیلئے کیمپ منعقد کئے جاتے ہیں جن میں عوامی مشکلات کو انتظامیہ کے سامنے رکھا جاتا ہے اور انہیں حل کرنے کیلئے عملی اقدمات کی یقین دہانی کروائی جاتی ہے ۔اس سلسلہ میں ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ اندرجیت اور ایس ایس پی پونچھ ونود کمار کی سربراہی میں اس کیمپ کا اہتمام کیا گیا جس میں تحصیل منڈی کی مختلف پنچایتوں کے سرپنچوں پنچوں کے علاوہ عوام نے بھی شرکت کی۔ اس موقعہ پر پنچایتی اراکین عوامی مسائل بالخصوص پانی ،بجلی کی عدم فراہمی ،تعلیم شعبہ کی موجودہ صورتحال کیساتھ ساتھ کئی دیگر مسائل کو اجاگر کیا ۔پنچایتی اراکین نے اس دوران کہاکہ اس سے قبل بھی عوامی کیمپوں کا انعقاد کیاجاتا رہا ہے لیکن آج تک عوامی مسائل کو حل ہی نہیں کیا جاسکا ۔ سرپنچ گھوڑے نک اعجاز تانترے نے اس حوالے سے کشمیر عظمی کو بتایا کہ سرکار کی جانب سے گزشتہ ایک برس سے عوامی شکایات ازالہ کیمپ لگاہے جا رہے ہیں مگر یہ سرکار کی جانب سے فضول مشق ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آج تک ان عوامی درباروں میں جتنے بھی عوامی مطالبات رکھے گئے ان کا ابھی تک ازالہ نہیں کیاجاسکا ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ حال ہی میں ضلع میں ضلع ترقیاتی کمشنر اور ایس ایس پی کی نئی تعیناتی ہوئی ہیں وہ ان کے مسائل کا ازالہ کریں گے۔ اس موقعہ پر ضلع ترقیاتی کمشنر اندرجیت نے عوام کے تمام مسائل سنے اور انہیںجلد حل کرنے کی یقین دہانی بھی کی۔ دربار میں بی ڈی سی چیئر مین منڈی شمیم گنائی ،بی ڈی سی چیئر مین ساتھرہ فریدہ چوہدری کے علاوہ تمام ضلع و تحصیل آفسران بھی شریک رہے۔